وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا شام کے وزیرِ اعظم حسین عرنوس سے ٹیلی فونک رابطہ
وزیرِ اعظم نے حسین عرنوس کی ہمشیرہ، ان کے گیارہ بچوں اور پوتوں اور نواسوں کی ہلاکت پر تعزیت اظہار کیا
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا شام کے وزیرِ اعظم حسین عرنوس کو ٹیلی فون۔ وزیرِ اعظم نے حسین عرنوس سے شام میں زلزلے سے شدید جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے حسین عرنوس کی ہمشیرہ، ان کے گیارہ بچوں اور پوتوں اور نواسوں کی ہلاکت پر تعزیت اظہار کیا، ان کی بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام شام میں آنے والے شدید زلزلے میں قیمتی جانوں کے المناک نقصان اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پر گہرے رنج وغم میں مبتلا ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی طرف سے شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی کاوشوں کے بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فوری طور پر اپنے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے شامی بھائیوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں اور شام میں پاکستان کے سفیر اس سلسلے میں شامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
پاکستان پہلے ہی زلزلہ زدگان کیلئے امداد پر مشتمل ایک خصوصی طیارہ شام بھیج چکا ہے جس میں خیمے، گرم کپڑے اور کمبل شامل ہیں۔ اسکے علاوہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی ایک طبی ٹیم بھی بہت جلد شام پہنچنے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف سے بہت جلد شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں پر مشتمل قافلہ بھی روانہ کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے شامی وزیرِ اعظم کو یقین دلایا کہ مشکل وقت پاکستان اپنے شامی بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کرے گا۔