پی ٹی آئی کے 70 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا نوٹی فکیشن معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 70 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 8 فروری کو بھی لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات تاحکم ثانی روک دیے تھے۔

پی ٹی آئی کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 70 ارکان کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے مستعفی ایم این ایز کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

اس دوران عدالت عالیہ نے لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کر دیے۔

جسٹس شاہد کریم نے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر تے ہوئے تمام فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

خیال رہے کہ 2 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی جانب سے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 43 اراکین کے استعفے منظور کرنےکا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی نے درخواست میں اسپیکر کے 22 جنوری اور الیکشن کمیشن کے 25 جنوری کے نوٹی فکیشن چیلنج کیے تھے۔

سابق اراکین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اسے منظور کریں، اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ اراکین قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے گیے، اسپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے استعفے منظور کیے۔

درخواست میں کہا گیا کہ استعفے منظور کرنے سے پہلے اسپیکر نے اراکین کو بلا کر مؤقف نہیں پوچھا، عدالت اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں