پاکستان میں شدید زلزلہ ، دوافراد جاں بحق ،متعدد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں منگل کی شب شدید زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف حصوں میں 6.8 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکا کے ارضیاتی سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے نے افغانستان اور دارالحکومت نئی دہلی سمیت بھارت کے کچھ حصوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا، زلزلے کا مرکز افغانستان کے شہر جم سے 40 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔

خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی عبوری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چھت، دیوار اور مکان گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ صوبہ میں 8 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

دوسری جانب سوات کے ضلعی پولیس افسر شفیع اللہ گنڈاپورنے بھی ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔البتہ انھوں نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں عمارتیں گرنے سے 150 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اسلام آباد، پشاور، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، کوہاٹ، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔وزارت قومی صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بڑے سرکاری اسپتالوں کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے گا اوروزیرصحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پراسپتالوں کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)اور وفاقی حکومت کے پولی کلینک کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں کم از کم 30 سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے دوران ہی میں لوگوں اپنے گھروں سے باہرنکل آئے اور اللہ کا ذکربلند کرنے لگے۔

ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد شہری اپنے گھروں اور عمارتوں سے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔بعض میں خوف اور سراسیمگی کی کیفیت بھی دیکھی جاسکتی ہے۔

رات قریباً نو بج کرسینتالیس منٹ پر آنے والے اس شدید زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد ، پشاور ، لاہور ، ڈیرہ اسماعیل خان ، اٹک سمیت ملک کئی شہروں اور علاقوں میں کئی سیکنڈزتک محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے ہمسایہ ممالک افغانستان ، بھارت،چین، ترکمانستان، قزاقستان، تاجکستان، ازبکستان اورکرغیزستان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔افغانستان سے بھی بعض افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں