صدرڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ممالک کی ترقی کے لیے تاجکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں ان خیالات کا اظہار تاجکستان کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر محمد سعید سرور سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
صدر نے کہا کہ پاکستان ’’وژن سینٹرل ایشیا‘‘ کے تحت تمام وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ نتیجہ خیز اور پائیدار تعلقات کے فروغ کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ سیاسی، معاشی اور توانائی کے شعبے میں روابط کو مستحکم کرنے کیلئے ہمیشہ پرعزم رہا ہے اور کاسا 1000 توانائی منصوبہ اس حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔صدر نے اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف بھارتی پالیسیوں اور بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔