سعودی نائب وزیرداخلہ کی عازمینِ حج کے’شاہراہِ مکہ اقدام‘پردست خط کے لیے اسلام آبادآمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت کے لیے شاہراہ مکہ پروگرام کے سمجھوتے پر دست خط کریں گے۔

وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ کا نورخان ایئربیس چک لالہ پہنچنے پر خیر مقدم کیا۔ وزیر داخلہ نے ایک بیان میں بتایا کہ ’’سعودی نائب وزیر داخلہ اپنے دورے میں ’’روٹ ٹو مکہ‘‘ منصوبے کے سمجھوتے پر دست خط کریں گے‘‘۔

سعودی نائب وزیر داخلہ وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی الگ الگ ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ شاہراہِ مکہ اقدام سعودی عرب کا اللہ کے مہمانوں (ضیوف الرحمٰن) کی خدمت کے وسیع تر پروگرام کا حصہ ہے۔اس کا افتتاح شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے سعودی ویژن 2030 کے حصے کے طور پر2019 میں کیا تھا۔

اس اقدام کے تحت عازمینِ حج کےویزے اوران کی دیگرسفری دستاویزات ان کے متعلقہ ممالک کے ہوائی اڈوں ہی پر مکمل کر دی جاتی ہیں۔اس کے تحت مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں پہنچنے والے عازمین حج کا سفری سامان براہ راست ان کے ہوٹلوں میں پہنچا دیا جاتا ہے اور انھیں سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر کسی قسم کی کاغذی کارروائی کے مرحلے سے نہیں گزرنا پڑتا اور وہ بلا تاخیر طیارے سے اترنے کے بعد منزل مقصود پر پہنچ جاتے ہیں۔

2022ء میں پاکستانی عازمین حج نے شاہراہ مکہ اقدام کے تحت دوسرے سال سفر کیا تھا اور 2019ء میں پہلی مرتبہ اس سہولت سے استفادہ کیا تھا۔ اس پروگرام کے معاہدے میں ملائیشیا، انڈونیشیا ،مراکش اور بنگلہ دیش بھی شامل ہیں اور اس کی ہرسال تجدید کی جاتی ہے۔ کرونا وائرس کی وَبا کے دوران میں 2020ء اور 2021ء میں پاکستان سے عازمین فریضہ حج کی ادائی کے لیے سعودی عرب نہیں گئے تھے۔

رواں سال سعودی عرب نے پاکستان کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا کوٹا بحال کر دیا تھا جبکہ 65 سال سے زائد عمر کی حد بھی ختم کر دی ہے۔ حکام کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت رواں سال قریباً 80 ہزار پاکستانی عازمین حج سے درخواست طلب کی گئی تھیں لیکن یہ تعداد پوری نہیں ہو سکی اور تمام درخواست گزاروں کو حج پر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ باقی کوٹے پر عازمین حج نجی ٹورآپریٹرز کے ذریعے حجازِ مقدس جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے سعودی عرب کے لیے حج پروازیں 21 مئی سے شروع ہوں گی اور عازمین حج کو سعودی عرب لے جانے والی آخری پرواز 21 جون کو روانہ ہو گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں