ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کو افغانستان سے کارروائی کی آزادی پر پاک فوج کو شدید تحفظات ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں ژوب میں حال ہی میں ہونے والے دہشت گرد حملے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کی عیادت کی اور قوم کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عزم کو سراہا۔
دریں اثنا آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کو افغانستان میں ٹی ٹی پی کو دستیاب محفوظ پناہ گاہوں اور کارروائی کی آزادی پر شدید تحفظات ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
ترجمان کے مطابق دوحا معاہدے میں کیے گئے وعدوں کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کی شمولیت پر تشویش ہے، اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں اور پاکستان کی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی ہو گی۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا ۔ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام اور چین سے نہیں بیٹھیں گی۔
قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
پاکستان کی فوج نے بدھ کو بتایا تھا کہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں فوجی اڈے پر حملے اور سوئی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 12فوجی شہید جبکہ پانچ حملہ آور جوابی کارروائی میں مارے گئے تھے۔
ایک اور واقعے میں صوبے کے ضلع سوئی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس ’دہشت گردوں‘ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مزید تین فوجی جان سے گئے جبکہ دو حملہ آور بھی مارے گئے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل نمائندہ سہیل شاہین نے اتوار کو عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ٹی ٹی پی افغانستان میں نہیں بلکہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہے، اگر وہ پاکستان کے اندر ہیں تو یہ ان کی ذمہ داری ہے، ہماری نہیں۔‘
-
بائیڈن نے القاعدہ سے متعلق حقیقت تسلیم کر لی: افغان طالبان
افغانستان کی طالبان حکومت نے ہفتے کے روز امریکی صدر جو بائیڈن کے القاعدہ سے متعلق ...
بين الاقوامى -
افغانستان: طالبان انتظامیہ نے بیوٹی سیلون بند کرنے کا حکم دے دیا
افغانستان میں طالبان انتظامیہ نے بیوٹی سیلون کو ایک ماہ کے اندر بند کرنے کا حکم ...
بين الاقوامى -
مستقبل قریب میں یومیہ 100 ٹن تیل نکالنا شروع کردینگے: طالبان وزیر
9 کنویں موجود، چینی کمپنی 3 برس میں 540 ملین ڈالر سرمایہ کاری کریگی، افغانستان کو ...
بين الاقوامى