راولپنڈی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے پانچ گاڑیاں تباہ، ایک شخص جاں بحق
حادثہ ہائی کورٹ کے قریب پیش آیا، پانچ زخمیوں میں تین افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے
گرینڈ ٹرنک [جی ٹی] روڈ راولپنڈی میں ہائی کورٹ کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے پانچ گاڑیوں کو کچل ڈالا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے جبکہ 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈمپر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ ڈمپر سیمنٹ ک بوریوں سے لدا ہوا تھا۔ اترائی پر بریک فیل ہونے کے باعث ڈمپر سڑک پر قطار میں آہستہ رفتار سے چلتی گاڑیوں پر چڑھ دوڑا۔
حادثے کے باعث ایک شخص موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈمپر کی رفتار بھی تیز تھی اور اسے رفتار کے حوالے سے وارننگ بھی دی گئی تھی۔