پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئی

بھارت میں قومی ٹیم کے استقبال کے لیے ائیرپورٹ پر موجود چاچا بشیر سے پاکستانی پرچم لے لیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئی ہے جو قومی ٹیم کا 7سال بعد پہلا دورہ بھارت ہے۔

پاکستانی ٹیم گذشتہ روز ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانہ ہوئی تھی جہاں دبئی میں قیام کے بعد قومی ٹیم اب بھارت کے شہر حیدرآباد پہنچ چکی ہے۔

بھارتی سرکاری نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے قومی ٹیم کی فلائٹ کی حیدرآباد پہنچنے کی تصدیق کی۔قومی کرکٹ ٹیم کا طیارہ حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا ہے۔

پاکستان ٹیم کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے، 20 سے زائد سکیورٹی کی گاڑیاں ائیرپورٹ پر موجود تھیں جبکہ مختلف چینل سے پاکستان ٹیم کی بھارت پہنچنے کی لائیو کوریج بھی کی گئی، تاہم پاکستانی فین چاچا بشیر نے قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت پہنچنے پر راجیو گاندھی ائیر پورٹ پر پاکستان کا جھنڈا تھامے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، جس پر سکیورٹی حکام نے چاچا بشیر سے پاکستانی جھنڈا لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق چاچا بشیر کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر پاکستان ٹیم کے استقبال کے لیے پاکستانی جھنڈا لیکر گیا تھا، سکیورٹی والوں نے جھنڈا لے لیا۔ چاچا بشیر کا کہنا تھا کہ میرے کپڑے پاکستانی رنگ کے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے پاکستانی فین چاچا بشیر بدھ کوہی امریکا سے بھارت پہنچے تھے۔

یہ پاکستان کی ٹیم کا سات سال بعد بھارت کا پہلا دورہ ہے جہاں وہ اس سے قبل 2016 کا ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت گئی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت روانگی سے قبل قومی ٹیم کے ویزے آنے میں تاخیر ہو گئی تھی جس کی وجہ سے چند دن کے لیے قومی ٹیم کی روانگی موخر ہو گئی تھی۔

پی سی بی نے قومی کھلاڑیوں کو بھارتی حکومت کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ اٹھایا تھا۔

تاہم 25 ستمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت کے ویزوں کے اجرا کی تصدیق کی تھی۔

پاکستانی ٹیم حیدرآباد پہنچنے کے بعد محض ایک دن آرام کر سکے گی اور 29 ستمبر کو اسے ورلڈ کپ کی تیاریوں کی سلسلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلنا ہے جس کے بعد 3 اکتوبر کو گرین شرٹس اگلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کریں گے۔

پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گی جس کے بعد دوسرا میچ 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہی سری لنکا سے ہو گا۔

ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور میزبان بھارت کرکٹ کے دنیا کے سب سے بڑے میدان احمد آباد میں 14 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے، جس کے بعد پاکستان کا اگلا میچ 20 اکتوبر کو پانچ مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلیا سے ہو گا۔

قومی ٹیم کا کا اگلا میچ 23 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف چنائی، 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف چنائی میں ہی ہوگا، بنگلہ دیش اور پاکستان کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں 31 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 4 نومبر کو بنگلورو میں میچ ہوگا اور قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کھیلے گی اور یہ میچ ایڈن گارڈن میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ کپ کا آغاز احمد آباد میں 5 اکتوبر کو دفاعی چمپیئن انگلینڈ اور گزشتہ ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے درمیان میچ سے ہو گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں