نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد حج سے متعلق امور پر مشاورت اور پاکستان میں حج کے لیے جاری پراسس پر تبادلہ خیال کے لیے سعودی پہنچ گئے ہیں۔ ہفتے کے روز سے شروع ہونے والے اس دورے میں ان کی اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
ادائیگی حج صاحب استطاعت مسلمانوں پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔ اس اہم دینی فریضے کی ادائیگی کے لیے رواں سال 179210 عازمین حج حجاز مقدس کا سفر کریں گے۔
دنیا کے دیگر ملکوں سے آنے والے لاکھوں مسلمان اس کے علاوہ ہوں گے۔ ان سب کی میزبانی کی سعادت سعودی عرب کو ملے گی۔
نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد کے دورہ سعودی عرب کے سلسلے میں جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر مذہبی امور سعودی عرب میں کئی اہم ملاقتیں کریں گے اور کئی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
وہ جدہ میں بلائی گئی عالمی حج کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔ جس کا اہتمام سعودی عرب نے کر رکھا ہے۔ تمام مسلم ممالک سے اس میں وزراء شریک ہوں گے۔
نگران وزیر مذہبی امور نے پچھلے سال ماہ نومبر میں بتایا تھا کہ پاکستان عازمین حج کے لیے سہولیات میں اضافے کے لے کوشاں ہے۔ نیز 'مکہ روٹ انیشیٹو' کو اسلام آباد تک محدود رکھنے کے بجائے 2024 میں کراچی تک وسعت دی جائے گی۔