عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نامزد کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر علی امین کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔

منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان سے منتخب ہونے والے امیدوار علی امین گنڈاپور کی نامزدگی کا اعلان اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔

اڈیالہ جیل میں موجود سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے ساتھ اتحاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کسی بھی سرکاری عہدیدار سے ملاقات کی تردید کی۔

عمران خان نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے لیے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان جبکہ 2013 میں خیبر پختونخوا کی حکومت میں وزیر مال رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ کے لیے تین نام سامنے آئے تھے، ان ناموں میں مشتاق غنی، تاج محمد خان ترند اور علی امین گنڈا پور شامل تھے۔

یاد رہے کہ پہلی مرتبہ پی ٹی آئی نے 2013 میں خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی تھی جس کے وزیراعلٰی پرویز خٹک تھے۔ دوسری مرتبہ 2018 میں حکومت بنائی جس کے وزیراعلٰی محمود خان تھے۔

نو مئی کے واقعات کے بعد پرویز خٹک اور محمود خان نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا تھا اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے نام سے ایک الگ پارٹی بنائی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں