پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ماسکو میں گذشتہ رات ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔
شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ماسکو میں گدشتہ رات ہونے والے گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ متاثرین کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت۔ پاکستان اس مشکل وقت میں روس کے ساتھ ہے۔‘
I strongly condemn the heinous attack in Moscow last night that has resulted in the loss of many precious lives. My heartfelt condolences to families of the victims. 🇵🇰 stands with Russia 🇷🇺 at this difficult time.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) March 23, 2024
اس کے علاوہ پاکستانی دفتر خارجہ اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی روس میں ہونے والے حملے کی مذمت کی اور روس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ادھر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی روس کے دارالحکومت ماسکو میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے روسی پارلیمان، عوام،حکومت اور متاثرین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں اسپیکر نے ماسکو میں دہشتگردی کی افسوسناک واقعہ میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں روسی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے،
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، وہ انسانیت کے دشمن ہیں، پاکستان گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی جیسے ناسور سے نبرد آزما ہے۔