سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع میجر جنرل انجینیئر طلال عبداللہ العتیبی دفاع سے متعلق باہمی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں۔
طلال بن عبداللہ العتیبی کا یہ دورہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود کے اسلام آباد کے دو روزہ دورے کے اختتام پر ہو رہا ہے۔ اپنے دورے کے دوران وہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور دفاعی تربیت اور دفاعی تعلقات کو آگے بڑھانے سمیت دیگر دفاعی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستانی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق العتیبی آج بروز بدھ آرمی چیف سے ملاقات کریں گے، جس دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شعبے میں تربیت سمیت کئی امور پر بات چیت کے علاوہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے، جن میں دفاعی پیداوار کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ منصوبے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم کے تحت ہوں گے۔
منگل کی رات وطن روانگی سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردی ایک بیان کے مطابق سعودی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور سٹریٹیجک نوعیت کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو جاری رکھنے کے لیے متعدد راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔