پنجاب پولیس میں خواتین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، مریم نواز کی وردی میں شرکت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کانسٹیبلز کی ایک پاسنگ آؤٹ تقریب میں پولیس کی وردی پہنے شرکت کی، جس کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا یہ وردی پہننا ضوابط کی خلاف ورزی نہیں۔
پاکستانی صوبہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اس وقت سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں، جب سوشل میڈیا پر ان کی پولیس کی وردی میں تصاویر اور ویڈیوز بڑے پیمانے پر شیئر کی گئیں۔ جہاں ایک طرف ان کے اس عمل کو ان کی جماعت اور کئی سوشل میڈیا صارفین نے سراہا، وہیں کئی دیگر صارفین اور اپوزیشن رہنماؤں نے ان پر تنقید بھی کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ن لیگ کی پوسٹس کے مطابق مریم نواز نے جمعرات کے روز پولیس کی وردی پہن کر ایک پولیس ٹریننگ کالج میں خواتین کانسٹیبلز کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت کی۔
The Chief Minister of Punjab, @MaryamNSharif, attended the ladies police passing out ceremony held at the Police Training College in Chung. pic.twitter.com/UeOVtOLMAq
— PMLN (@pmln_org) April 25, 2024
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں پہلی بار پولیس کی وردی زیب تن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا، "جب میں نے یہ پولیس یونیفارم پہنا تو مجھے یہ احساس ہوا کہ چاہے وہ چیف منسٹر کی کرسی پہ بیٹھنا ہو ، چیف منسٹر کا حلف لینا ہو یا پولیس کا یونیفارم ہو، یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے، اور مجھے پتہ ہے آپ کو احساس ہے کہ یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے۔"
انہوں نے کہا کہ وہ بطور وزیر اعلیٰ فیصلے کرتی ہیں، جن پر عمل درآمد پولیس کا کام ہے، اور اس لحاظ سے پولیس کی ذمہ داری 'زیادہ بڑی‘ ہے۔
میں نے جب یہ پولیس یونیفارم پہنا تو مجھے احساس ہوا کہ چاہے وہ چیف منسٹر کی کرسی پہ بیٹھنا ہے ، چیف منسٹر کا حلف لینا ہو یا وہ پولیس کا یونیفارم ہو یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے مجھے پتہ ہے کہ آپکو احساس ہے یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے
— PMLN (@pmln_org) April 25, 2024
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز pic.twitter.com/fclGOBk9dU
پاس آؤٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں کو مبارک باد دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا، "مجھے خواتین پولیس اہلکاروں کو وطن کی حفاظت پر مامور دیکھ کر ہمیشہ فخر محسوس ہوا ہے۔"
مریم نواز کے پولیس کی وردی پہننے کو مختلف حلقوں، بالخصوص اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اس واقعے کے ساتھ ساتھ حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے جمعرات کو ایوان سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت 'غیر سنجیدہ‘ ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "یہ کیا ہو رہا ہے ملک میں؟ ہم لوگ مذاق بنا رہے ہیں یہاں پہ۔ دنیا ہمیں کس طرح دیکھ رہی ہے؟"
مقامی میڈیا کے مطابق لاہور کے ایک وکیل نے ایک مقامی عدالت میں مریم نواز کے خلاف پولیس کی وردی پہننے کے حوالے سے مقدمہ دائر کرنے کی درخواست بھی جمع کرائی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج مظفر نواز ملک نے درخواست پر سماعت کی، درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی، قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ پولیس کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی، عدالت پولیس کی وردی پہننے پر مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔
بعد ازاں عدالت نے مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی اور پولیس یونیفارم پہننے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس حکام سے 29 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔
لیڈی پولیس افسروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پولیس یونیفارم میں شرکت پر لیڈی افسران کا اظہار تشکر ، خواتین کو محکمہ پولیس میں شمولیت کی ترغیب کی جانب وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو سنگ میل کی حیثیت سے دیکھا جارہا ہے ۔
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) April 25, 2024
وزیر اعلیٰ پنجاب پولیس یونیفارم… pic.twitter.com/8QwWbpYIiy
تاہم پنجاب پولیس نے ایکس پر ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ صوبائی پولیس کے ضوابط کے مطابق مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ، پولیس کی وردی پہن سکتی ہیں۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ان کے اس عمل کو سراہا اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر دیکھا گیا ہے۔