سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اس سال حکومت پاکستان کی حج سکیم کے تحت تقریباً 38,150 پاکستانی عازمین اب تک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹ میں پاکستان حج مشن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ "اتوار تک کُل 38,150 پاکستانی عازمین مدینہ اور مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں؛ جو امسال حج کرنے والے عازمین کی کل تعداد کا تقریباً 54.35 فیصد ہے۔"
پاکستان حج مشن نے مدینہ منورہ میں آٹھ روزہ قیام مکمل کرنے کے بعد 17 مئی سے حجاج کرام کے بسوں کے قافلے کو مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ روانہ کرنا شروع کر دیا۔ اے پی پی نے بتایا کہ حقیقی وقت میں کام کرنے والے جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم کے تحت 23,464 پاکستانی عازمین مدینہ سے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حج قافلوں کی نقل و حرکت کو ٹریک کرنے کے لیے اس سروس کا استعمال پہلی بار کیا جا رہا ہے۔
مدینہ روانگی سیل کے انچارج شاہد الرحمٰن مارتھ نے اے پی پی کو بتایا، "اس اختراعی طریقہ کار کا مقصد حجاج کے لیے بلا تعطل اور بروقت سفر کو یقینی بنانا ہے۔"
دریں اثناء پاکستان سمیت دنیا بھر سے حجاجِ کرام نے مکہ مکرمہ میں جبل النور پر واقع غارِ حرا کی زیارت کی۔
یہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک قابلِ احترام مقام ہے کیونکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اللہ کی طرف سے قرآن پاک کی اولین آیات نازل ہوئی تھیں۔