پیرس اولمپکس میں طلائی تغمہ جیتنے والے ارشد ندیم پر انعامات کی برسات

اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں ایک ارب روپے مالیت کا اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اور اسلام آباد کی ایک سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 6 منٹ

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کی شب ایک تقریب کے دوران پیرس اولمپکس میں برسوں بعد طلائی تمغہ جتوانے والے ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے کی انعامی رقم اور اور قومی اعزاز ہلال پاکستان دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ اعلان وزیر اعظم ہاؤس میں ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔

وزیر اعظم ہاؤس میں ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کے دوران وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے ایف نائن اور ایف ٹین کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا، جس میں نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور یہ کھلاڑیوں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں ایک ارب روپے اسپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا، جبکہ ارشد ندیم کے کوچ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انڈوومنٹ فنڈ کھلاڑیوں کی تربیت پر خرچ ہوگا، جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کے کام آئے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ کل 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ارشد ندیم کو ہلال امتیاز نشان کے لیے نامزد کیا جائے گا، اور جس دن انہوں نے میڈل جیتا تھا میں نے اسی روز اپنے سیکریٹری کو صدر مملکت کو اس کے لیے خط لکھنے کا کہہ دیا تھا۔

شہباز شریف نے کہاکہ ارشد ندیم نے یوم آزادی کے موقع پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کر دیا، یہ 40 سال بعد گولڈ میڈل لے کر آئے جس پر پوری قوم کا دل باغ باغ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی کامیابی نے یہ سبق دیا ہے کہ مسائل سے پریشان نہیں ہونا چاہیے، اب ہم آپ کے راستے پر چلتے ہوئے اتحاد و اتفاق سے قوم کو ہمالیہ نما چیلنجز سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کھیلوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں گی، کھیلوں کے میدان میں پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہاکہ اب ہم یکسوئی کے ساتھ کھیل کے میدان میں دوبارہ آگے بڑھیں گے، خوشی کے اس موقع پر ارشد ندیم کے والدین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ارشد ندیم کی انعامی رقم سے ٹیکس کٹوتی نہیں ہو گی۔ ’ٹیکس لینے والے انہی لوگوں سے بار بار ٹیکس لے رہے ہیں جو پہلے سے ادائیگی کرتے ہیں، ٹیکس نہ دینے والوں سے پوچھا ہی نہیں جاتا، لیکن اب ایسے نہیں ہو گا‘۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا کہ جو عزت کھلاڑی کو دی جاتی ہے وہ سب سے اہم ہوتی ہے، میں نے پیرس اولمپکس کے لیے اپنا زور بچا کر رکھا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ہر ایونٹ میں کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین تھرو کروں، 14 اگست کا دن گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے۔

ارشد ندیم نے کہاکہ وزیراعظم نے جو پودا لگایا تھا بڑا نہیں ہوا ابھی آغاز ہے، عزت دینے پر شہباز شریف کا شکر گزر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپس لوٹنے پر پوری قوم نے میرا شاندار استقبال کیا، میں بہت خوش ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے گولڈ میڈل جتوایا۔

انہوں نے کہا کہ ’اللہ نے گولڈ میڈل دلوا دیا اور ریکارڈ بھی بنوا دیا، اب دعا کریں اور میں کوشش کروں گا کہ ورلڈ ریکارڈ بناؤں۔‘

ارشد ندیم کو پاکستان فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے منگل کو اسلام آباد لایا گیا جہاں ان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ارشد ندیم کے ہمراہ ان کے گھر والے بھی اسلام آباد آئے ہیں اور وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ اس تقریب میں شریک بھی ہوئے۔

اس سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی منگل کو ارشد ندیم کے آبائی گھر کا دورہ کیا ہے اور انہیں ’انعامات سے نوازا ہے۔‘

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مریم نواز نے ارشد ندیم کو ’10 کروڑ روپے کا چیک‘ اور ’پی اے کے 92.97 ریجسٹریشن نمبر کے ساتھ گاڑی‘ کی چابی بھی بطور انعام دی۔

پاکستان کے لیے اولمپک مقابلوں میں تمغوں کا 32 سال سے جاری قحط اس وقت ختم ہوا تھا جب ارشد ندیم نے آٹھ اگست 2024 کو پیرس اولمپکس کے مینز جیولن تھرو میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

پاکستان نے 1992 سے اولمپکس میں کوئی تمغہ نہیں جیتا تھا جبکہ اس نے سونے کا میڈل آخری بار 40 سال پہلے حاصل کیا تھا۔

پیرس اولمپکس میں مینز جیولن کے فائنل میں ارشد ندیم نے 110.0 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 92.97 میٹر کی تھرو کر کے ناصرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپکس میں نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

اس بڑی کامیابی کے بعد ارشد ندیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وطن واپس پہنچے تو لاہور ایئر پورٹ پر ان کا شاندار اسستقبال کیا اور بعد میں انہیں قافلے کی صورت میں ان کے آبائی علاقے میاں چنوں لے جایا گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں