آلودگی میں اضافہ: بھارت، پاکستان میں فصلوں کا فضلہ جلانے پر کسانوں کی گرفتاریاں
پاکستانی پنجاب میں 71 گرفتاریاں، حکومت کا مصنوعی بارش اور دیگر اقدامات کا اعلان
حکام نے منگل کو بتایا کہ کھیت خالی کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر دھان کا فضلہ جلانے کے الزام میں ہندوستان کی شمالی ریاست ہریانہ میں کم از کم 16 کسانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس سے موسمِ سرما کے آغاز پر نئی دہلی کے اردگرد کے علاقے میں فضائی آلودگی بڑھ جاتی ہے۔
نئی دہلی کا خطہ ہر سال آلودگی سے لڑتا ہے کیونکہ درجۂ حرارت گر جاتا ہے اور تعمیراتی گرد و غبار، گاڑیوں کی گیسیں اور دھواں ٹھنڈی ہوا میں پھنس جاتا ہے جن کے بارے میں سے بیشتر حکام کا خیال ہے کہ یہ ہمسایہ ریاستوں پنجاب اور ہریانہ سے آتے ہیں۔
ہریانہ کے علاقے کیتھل کی پولیس نے رائٹرز کو بتایا کہ اس سال فضلہ جلانے کی 22 شکایات درج کی گئیں اور 16 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بیربھن نے کہا کہ گرفتار کردہ افراد ضمانت پر رہا ہو گئے۔
مقامی میڈیا کی خبر کے مطابق ہریانہ کے طول و عرض میں تقریباً 100 کسانوں کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی ہیں جبکہ 300 سے زائد کو جرمانے کیے گئے ہیں۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق منگل کی صبح دہلی میں "انتہائی خراب" ہوا ریکارڈ کی گئی جس میں ہوا کے معیار کا پیمانہ (اے کیو آئی) 320 تھا۔ صفر سے پچاس تک کو اچھا سمجھا جاتا ہے جبکہ 400-500 کے درمیان کوئی بھی چیز مضرِ صحت ہوتی ہے۔
آئی کیو ایئر کی براہِ راست درجہ بندی کے مطابق صرف ہمسایہ ملک پاکستان کے صوبہ پنجاب میں لاہور کے بعد یہ منگل کو دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر تھا۔ پاکستانی پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ نے قبل ازیں سموگ سے نمٹنے کے لیے بھارت کے ساتھ 'موسمیاتی سفارت کاری' پر زور دیا تھا۔
پنجاب پولیس نے بتایا کہ کم از کم 182 شکایات درج کی گئی ہیں اور 71 افراد کو کھیتوں کا فضلہ اور کوڑا جلانے، اینٹوں کے ممنوعہ بھٹے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا، "مصنوعی بارش اور دیگر اقدامات کے لیے وسائل بھی مختص کیے گئے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ ہر بار مصنوعی بارش برسانے پر پانچ سے سات ملین روپے کے درمیان اخراجات ہوں گے۔
ہندوستان کی وزارتِ ماحولیات نے کہا، آب و ہوا اور موسمی حالات کے باعث آئندہ دنوں میں دہلی کی ہوا کا معیار 'انتہائی خراب' زمرے (300-400) میں رہنے کا امکان ہے۔
آلودگی پر قابو پانے کے لیے دہلی کے حکام نے دھول سے نمٹنے کی غرض سے سڑکوں پر پانی چھڑکنے، پبلک بس اور میٹرو کی خدمات میں اضافے اور گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے پارکنگ فیس بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
تاہم ماہرینِ ماحولیات کا خیال ہے کہ یہ اقدامات ناکافی ہیں۔
ایک ماہرِ ماحولیات وملیندو جھا نے کہا، "یہ صرف ہنگامی اقدامات ہیں۔۔ فضائی آلودگی میں کمی کے لیے ان وقتی اقدامات کے بجائے ایک طویل مدتی جامع حل کی ضرورت ہے۔"
-
پاکستان میں جاری ’انڈس شیلڈ‘ مشقوں میں سعودی عرب کی بھرپور شرکت
سعودی عرب کی فضائیہ نے مشترکہ مشقوں’انڈس شیلڈ‘ میں اپنی بھرپور شرکت جاری رکھی ہوئی ...
بين الاقوامى -
صدر پاکستان کے دستخط کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری
صدر پاکستان آصف علی زرداری کے مسودے پر دستخط کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے 26 ...
پاكستان -
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 3,000 پسماندہ لڑکیوں کے لیے اجتماعی شادی کا پروگرام شروع
غریب لڑکیوں کے لیے 350 ڈالر نقد، کپڑے، فرنیچر اور گھریلو سامان
پاكستان