وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے دو ارب ڈالر کے قرض کی ادائی موخر کرنے کی سہولت دے دی ہے۔
منگل کے روز کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ امارات کے صدر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنے عزم کااظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اتوار کو رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زید سے ملاقات بہت مفید اور مثبت رہی جس میں باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے اقدامات اور سرمایہ کاری بڑھانے کاجائزہ لیا گیا۔ یو اے ای کے صدر سے میں نے سرمایہ کاری بڑھانے کی درخواست کی جس پر انہوں نے اپنی کمٹمنٹ کااظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ وہ اپنے برادرانہ تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایاکہ یو اے ای کے صدر کے ساتھ ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ انہوں نے میری درخواست پر دو ارب ڈالر کی ادائی، جو جنوری میں واجب الادا ہے موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔