پاکستان حجاج کے لیے لازمی حج ٹریننگ شروع: پشاور میں پہلے سیشن کا انعقاد

ملک بھر میں 147 مقامات پر تربیتی سیشن منعقد ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے ہفتے کے روز پشاور میں افتتاحی اجلاس منعقد کرکے سرکاری سکیم کے تحت رواں سال کے عازمینِ حج کے لیے لازمی تربیتی سیشن کا آغاز کیا۔

رواں ماہ کے شروع میں پاکستان اور سعودی عرب نے جدہ میں سالانہ حج معاہدے پر دستخط کیے جس میں باضابطہ طور پر تصدیق کی گئی تھی کہ جنوبی ایشیائی ملک اس سال 179,210 افراد کو حج کے لیے بھیجے گا۔

پشاور میں پہلے سیشن میں 200 سے زائد زائرین نے شرکت کی جو شہر کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں منعقد ہوا۔

وزارت کے ترجمان محمد عمیر بٹ نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ حکام نے ملک کے طول و عرض میں 147 مقامات پر لازمی حج تربیتی سیشنز کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا، "سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہمیں عازمین حج کو انتظامی امور اور دیگر مناسکِ حج سے واقف کرانے کے لیے تربیت فراہم کرنی ہے تاکہ وہ اپنی عبادات کو صحیح طریقے سے مکمل کر سکیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ سیشنز حجاج کو اس بارے میں واقفیت پیدا کرنے کے لیے بھی ڈیزائن کیے گئے تھے کہ سعودی عرب میں اپنا وقت کیسے گذاریں۔

ٹرینر نے اس سال جون میں سالانہ حج سے قبل 18 جنوری 2025 کو پشاور میں حج تربیتی ورکشاپ کے دوران منتخب پاکستانی عازمین کو بریف کیا۔ (اے این فوٹو)
ٹرینر نے اس سال جون میں سالانہ حج سے قبل 18 جنوری 2025 کو پشاور میں حج تربیتی ورکشاپ کے دوران منتخب پاکستانی عازمین کو بریف کیا۔ (اے این فوٹو)

بٹ نے کہا کہ تربیتی سیشن دو نشستوں میں تمام مطلوبہ موضوعات کا احاطہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ "یہ سیشنز ماہِ رمضان سے پہلے ختم ہو جائیں گے۔" سیشنز 18 جنوری سے 27 فروری تک ملک کے ہر صوبے میں ہوں گے۔

وزارتِ مذہبی امور نے اس سال عازمین کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں ان کی رہنمائی کے لیے پاک حج 2025 موبائل ایپلیکیشن کا اجرا بھی شامل ہے۔

ایپ اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

وزارت کے ترجمان نے کہا کہ تربیتی سیشن کی ہر نشست تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہے گی جس کے دوران عازمین کو سمعی و بصری مواد کے ذریعے رہنما خطوط سے آگہی ملے گی۔

عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے تربیتی سیشن کے شرکاء نے فراہم کردہ معلومات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حج کی رسومات کے بارے میں ان کے متعدد سوالات کے جوابات مل گئے ہیں۔

پشاور کے گلبہار محلے کے رہائشی مجیب الرحمٰن بھٹی نے تربیت میں شرکت کے بعد کہا، "یہ اچھا ہے کہ میں نے پہلے سیشن میں شرکت کی جس میں انہوں نے ایپ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت نے تمام عازمین کو حج کے دوران پیش آنے والے عام مسائل پر قابو پانے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ہے۔

بھٹی نے کہا، "جو چیزیں انہوں نے ہمیں سکھائیں وہ ہماری اپنی آسانی کے لیے تھیں اور وہ ہمیں کسی ممکنہ پریشانی سے بچا سکتی ہیں۔"

سیشن کے ایک اور شریک اور سول ایوی ایشن کے ایک اہلکار علی خان اپنے خاندان کے ساتھ حج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اسے ایک "شاندار پروگرام" قرار دیا اور کہا، "ہر چیز کی بخوبی اور اہم تفصیل کے ساتھ وضاحت کی گئی۔ ہم نے ویڈیوز، یوٹیوب اور دیگر ذرائع سے معلومات جمع کیں۔ سیشن بہت عملی اور اہم تھا۔"

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں