خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع جمرود میں رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کے ابتدائی روز پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں حفاظتی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بچوں کو قطرے پلانے کے لیے گھر گھر جانے والے پولیو ورکرز کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے تواتر سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، صرف 2024 میں صوبے میں انسداد پولیو مہم کے دوران 20 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوئے تھے۔
پولیس ترجمان ظہیر احمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا ’ نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی جانب سے پولیو ٹیم کو سخی پل کے قریب گُھنڈی کے علاقے میں نشانہ بنایا’، جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور کانسٹیبل عبدالخالد شہید ہوگیا۔
ایک اور پولیس اہل کار زرمت خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اس واقعے کے باوجود علاقے میں پولیو مہم جاری ہے۔‘
دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ’ایکس‘ پر انسداد پولیو مہم کے عملے کو جمرود میں نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کانسٹیبل کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہم کانسٹیبل عبدالخالد کو بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے جان کا نذرانہ دینے پر سلام پیش کرتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ پاکستان کا شمار افغانستان کے ساتھ دنیا کے ان آخری 2 ممالک میں ہوتا ہے جہاں پولیو اب بھی موجود ہے، وائرس کے خاتمے کی عالمی کوششوں کے باوجود، سلامتی کے مسائل، ویکسین سے ہچکچاہٹ اور غلط معلومات جیسے چیلنجز موجود ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کے ساتھ رواں برس کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا، جو تین سے نو فروری تک جاری رہے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیو ٹیمیں اس بیماری کے خاتمے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے دن رات کام کریں گی اور دور دراز علاقوں اور دیہاتوں تک پہنچیں گی۔
وزیراعظم کے مطابق گذشتہ سال ملک میں پولیو کے 77 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے کم از کم 90 اضلاع میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی جب کہ اس سال کا پہلا کیس کے پی کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سامنے آیا تھا۔
-
پاکستان : اسرائیلی قید سے رہا ہونے والے فلسطینیوں کی میزبانی پر تیار
پاکستان ان چار ملکوں میں شامل ہے جنہوں نے اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے ...
پاكستان -
پاکستان۔سعودی عرب کے درمیان 1.61 ارب ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئل امپورٹ فنانسنگ فیسلٹی پر ایم او یو (مفاہمتی ...
پاكستان -
کرغزستان : نقاب پہننے پر 230 ڈالر جرمانہ ، حجاب کی اجازت
وسطی ایشیا میں مسلم اکثریت کے حامل ملک "کرغزستان" میں خواتین کے نقاب اور برقع ...
بين الاقوامى