حکومت نے اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر آٹھ فروری کو یوم سوگ کا اعلان کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پرنس کریم آغا خان انتقال پر یوم سوگ کے سلسلے میں آٹھ فروری کو ملک بھر میں قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔
خیال رہے کہ اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کر گئے تھے۔
اسماعیلی امامت دیوان کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرنس کریم آغا خان چہارم کی نماز جنازہ 8 فروری 2025 کو صبح 11 بجے لزبن میں اسماعیلی سینٹر میں ادا کی جائے گی اور نو فروری کو اسوان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے پرنس رحیم آغا خان پنجم کو روایت کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کا روحانی پیشوا مقرر کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کی جانب سے 11 فروری کو لزبن میں بیعت یا اطاعت کی تقریب ہوگی۔