سعودی ولی عہد کا پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی
محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر باقاعدہ آگاہ کردیا اور وزیراعظم نے کابینہ کو اس حوالے سے تفصیل بتائی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ اجلاس کو سعودی ولی عہد اور شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے انہیں بھیجے گئے خط کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہو، وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کو بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے خط میں پاکستان کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کے لیے 10 کروڑ امریکی ڈالرز ماہانہ فراہمی کی تجدید کے بارے بتایا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی قیادت کے تہہ دل سے مشکور ہیں، سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
وفاقی کابینہ کو وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ای-آفس کے استعمال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی تمام ڈویژنز میں ای-آفس کا استعمال 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور 39 ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بین الوزارتی روابط کے حوالے سے 21 ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہو چکا ہے اور وفاقی وزارتوں کے ماتحت اداروں اور حکومتی ملکیتی اداروں میں ای- آفس کے نفاذ کا آغاز کیا جا چکا ہے جن میں سے 176 اداروں میں ای- آفس کا نفاذ مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ممالک پاکستانی مشنز میں خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تمام نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہو سکے اور مزید ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں اور محکموں میں ای -آفس کا نفاذ 20 مارچ 2025 تک 100 فیصد مکمل کیا جائے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر بین الاقوامی سمندری پانیوں میں متنوع سمندری وسائل کی حفاظت اور ان کے پائیدار استعمال کی حوالے سے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے سمندری قانون کے تحت بین الاقوامی قانونی معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی، اس اقدام میں پاکستانی ماہی گیروں کو فائدہ پہنچے گا۔