فلسطین میں ’نسل کشی‘ کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے: پاکستان کا بین الاقوامی برادری
اسرائیل کی از سرِ نو فوجی کارروائی کے ردِ عمل میں صدر آصف زرداری کا بیان
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اتوار کے روز عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین میں "نسل کشی" کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔ جیسا کہ شرقِ اوسط میں اسرائیل کے ساتھ کشیدگی دوبارہ زور پکڑ رہی ہے تو انہوں نے غزہ کے لوگوں سے یکجہتی کا اعادہ کیا۔
یہودی ریاست نے اس منگل کو غزہ میں دوبارہ فضائی حملے شروع کیے اور اس کے اگلے دن زمینی کارروائی کی جس کے بعد صدر زرداری کا بیان سامنے آیا۔
جمعہ کے روز اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دی کہ اگر حماس نے بقیہ اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہ کیا تو اسرائیل غزہ کے بعض حصوں کا الحاق کر لے گا۔
زرداری نے یومِ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ فوجی پریڈ کے شرکاء سے کہا، "یہاں ہم فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "عالمی برادری کو فلسطینیوں کی نسل کشی کے خاتمے کے لیے فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں۔ فلسطینی عوام کو کسی بیرونی مداخلت کے بغیر اپنے ملک میں مکمل آزادی حاصل ہونی چاہیے۔"
یاد رہے کہ حماس کے زیرِ انتظام علاقے کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل کی انتقامی کارروائیوں میں اب تک غزہ میں تقریباً 50,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد نے بارہا "بین الاقوامی طور پر متفقہ معیارات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں" اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ کیا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔