فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس نے پاکستان کی سلامتی ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار میں سفاکانہ کارروائی بھارتی پشت پناہی میں پراکسیز نے کی، انتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کے لیے بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں ہونے والی 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک کی داخلی و خارجی سیکورٹی کو لاحق خطرات کے تناظر میں بھرپور دفاعی تیاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کو بیرونی سرپرستی میں سرگرم تخریبی عناصر کے رحم و کرم پر ہر گز نہیں چھوڑا جائے گا۔
کانفرنس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ملکی خودمختاری اور عوام کی سلامتی کے لیے تمام وسائل اور قومی طاقت کے ہر پہلو کو استعمال کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کی، جس کا آغاز حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا سے کیا گیا، جن میں خضدار میں دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچے اور بے گناہ شہری شامل تھے۔
کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ یہ حملے دراصل ان بھارتی پشت سرپرستی کے حامل دہشت گرد نیٹ ورکس کی کارروائیاں ہیں، جن کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ ایسے بزدلانہ حملے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، جنہیں کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اجلاس کے دوران شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی قربانیوں کو وطن کے دفاع کے سنہری باب سے تعبیر کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ شہید ہونے والوں کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور افواج پاکستان عوام کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہیں۔
کانفرنس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازے جانے پر تمام کورکمانڈرز نے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور ان کی قیادت میں قومی دفاع کے لیے پاک فوج کی کامیاب حکمت عملی کو سراہا۔ فورم نے فیلڈ مارشل کی سٹریٹجک سوچ، غیر متزلزل عزم اور مؤثر عسکری قیادت کو ملک کے لیے نایاب سرمایہ قرار دیا۔
کانفرنس کے شرکا نے معرکۂ حق کے دوران جاری آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک فیصلہ کن موڑ قرار دیا اور اس آپریشن کو ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک بے مثال حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف کیے گئے جارحانہ اقدامات دراصل خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کے مذموم منصوبے کا حصہ ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں بدامنی کو فروغ دینا ہے۔ فورم نے کہا کہ بھارت خود کو دہشت گردی کا نشانہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے، حالانکہ وہ خود ہی اس خطے میں بدامنی اور انتہا پسندی کی جڑ ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ دنیا کو اس خطے میں امن کے قیام کے لیے بھارت کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے، کیونکہ طاقت کے استعمال سے کبھی بھی دیرپا امن ممکن نہیں۔
اجلاس میں اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سرگرم بھارت نواز دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں انٹیلی جنس ادارے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور فوج بھرپور اشتراک سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
فورم نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور نفسیاتی جنگ کے خلاف جس جذبے سے قومی بیانیے کا دفاع کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ خاص طور پر نوجوانوں کی حب الوطنی، عوامی شعور اور غلط معلومات کے خلاف مؤثر مہم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے سیاسی قیادت کی بصیرت، اتحاد اور بحران کے دوران مثالی رہنمائی کو ملک کی حالیہ کامیابیوں کا اہم سبب قرار دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کسی بھی بیرونی دباؤ، طاقت کی دھمکی یا پراکسی وار کے آگے نہیں جھکے گا اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
فورم نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا اور دنیا پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی پر خاموش تماشائی نہ بنے۔
آخر میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فوج کے تمام رینکس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، عزم، آپریشنل تیاری اور عوامی حمایت پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا اصل سرچشمہ ہیں اور ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔