'او آئی سی' کے سائنس سے متعلق شعبے نے 'ایتھوپیا پاکستان گرین ڈائیلاگ' کی میزبانی کی ہے۔ 'او آئی سی' کی میزبانی میں ہونے والا یہ ڈائیلاگ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا ہے۔
پیر کے روز ہونے والے اس ڈائیلاگ میں جنگلات کی کٹائی اور موسمیاتی اثرات پر بات چیت کی گئی ہے۔
'او آئی سی' کے شعبے ‘COMSTECH’ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایتھوپیا کے سفارتخانے کے تعاون سے منعقد ہونے والے پروگرام میں گرین لیگیسی اقدام کی تحسین کی گئی ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمیل بکر عبداللہ نے کہا ہے کہ وسیع پیمانے پر درخت لگانا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے معاون و مددگار ہے۔
خیال رہے ایتھوپیا کی گرین لیگیسی مہم کا آغاز 2019 میں ہوا تھا۔ جو عالمی سطح پر ایک ماڈل کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ اس کے تحت ایک ہی دن میں 350 ملین درخت لگائے گئے۔ سال 2030 تک کے لیے اس کا ہدف 50 ارب درخت لگانا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی 'ایتھوپیا پاکستان گرین ڈائیلاگ' میں بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نبردآزما ہے۔ آب و ہوا سے متاثرہ ممالک میں بھی پاکستان کا شمار ہوتا ہے۔ نیز سیلاب و خشک سالی جیسے مسائل کا بھی پاکستان سامنا کر رہا ہے۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے 'گرین لیگیسی' کے ماڈل کی تعریف کی۔ نیز مشترکہ ٹاسک فورس، پارلیمانی تبادلے اور تحقیق کے میدان میں شراکت داری کے ذریعے عملی تعاون پر زور دیا ہے۔