بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب رڈ پر واقع شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب خود کش حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 13 افراد جاں بحق جب کہ سابق ایم پی اے سمیت 35 افراد شدید زخمی ہو گئے جب کہ دھماکے میں سابق سینیٹر کی گاڑی سمیت ایک درجن گاڑیاں و موٹرسائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق رات گئے کوئٹہ میں سریاب روڈ پر واقع شاہوانی اسیٹڈیم کے قریب بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے کے اختتام پر سیاسی قائدین بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، پشتونخوامیپ کے مرکزی چیئرمین محمود خان اچکزئی، اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما کبیر محمد شہی اور کارکن گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر واپس جارہے تھے کہ قبرستان کے قریب پہلے سے موجود خود کش حملہ آور نے گاڑیوں کے قریب آ کر خود کو اڑا لیا۔
دھماکے کے نتیجے میں اسپیشل برانچ کے اہلکار محمد حنیف سمیت سیاسی پارٹی کے 13 کارکنان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ سابق ایم پی اے احمد نواز سمیت 35 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ مختلف جماعتوں کے قائدین معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
دھماکے سے بھگڈر مچ گئی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز، پولیس، سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اور زخمیوں کو سول بی ایم سی اسپتال منتقل کیا۔
دھماکے کے باعث سابق سینٹرز کبیر محمد شہی کی گاڑی سمیت ایک درجن گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ دھماکے ے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور عملے کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔
اظہار مذمت
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دھماکا انسانیت کے دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ شرپسند عناصر معصوم شہریوں کے خون سے کھیل رہے ہیں، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کی شدید مذمت
— Govt. of Balochistan (@dpr_gob) September 2, 2025
دھماکہ انسانیت دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
شرپسند عناصر معصوم شہریوں کے خون سے کھیل رہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر… pic.twitter.com/AXTLxbWZaB
سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا، تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ کے قریب اسٹیڈیم کے باہر دھماکے کی مذمت کی ہے، اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ کے قریب سٹیڈیم کے باہر دھماکے کی مذمت
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) September 2, 2025
وزیرداخلہ کا دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر اظہار افسوس
وزیرداخلہ کا جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فتنہ ہندوستان کے دہشتگرد اور آلہ کار معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں، قوم کی حمایت سے بھارتی اسپانسرڈد ہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائیں گے۔
شدید زخمیوں کی کراچی منتقلی کی ہدایت
ادھر، حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فضائی سروسز بروئے کار لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ شاہوانی اسٹیڈیم کے سیریس زخمیوں کو ڈاکٹرز کی تجویز پر کراچی منتقل کیا جائے تاکہ انہیں بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور زخمیوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے اس سلسلے میں غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت کے تمام وسائل زخمیوں کی جان بچانے اور ان کے علاج معالجے کے لیے وقف ہیں اور ہر ممکن تعاون متاثرہ خاندانوں کو فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا اور عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اداروں سے تعاون کریں۔