سوشل میڈیا پر 'پی آئی اے' کی پرواز کے عملے کے گم ہوجانے کی خبر فیک نیوز ہے : پی آئی اے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کی فضائی کمپنی 'پی آئی اے' نے اس امر کی تردید کی ہے کہ اس کی ایک پرواز کا تمام عملہ بیرون ملک پہنچنے کے بعد غائب ہوگیا۔

'پی آئی اے' کے مطابق یہ ایک فیک نیوز تھی جسے جان بوجھ کر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا گیا۔ اس فیک نیوز کو پھیلانے کا مقصد 'پی آئی اے' اور پاکستان کو بدنام کرنا تھا اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچانا تھا۔

پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی کا یہ بیان اتوار کے روز اس وقت سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر یہ بات بار بار شیئر کی گئی کہ 'پی آئی اے' کی پرواز کا عملہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو پہنچنے کے بعد غائب ہوگیا۔

اس سے قبل فضائی عملے کے بعض ارکان کے حوالے سے انفرادی طور پر اس طرح کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں کہ ان میں سے کوئی ایک بیرون ملک پرواز کے ساتھ اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے بعد اچانک لاپتہ ہوگیا تاکہ وہ بیرون ملک سیٹل ہو سکے۔

عام طور پر تجزیہ کاروں کا یہ کہنا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر بعض پاکستانی کینیڈا اور دوسرے ملکوں میں رکنے کی کوشش کرتے ہیں اور جلا وطنی اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

تاہم 'پی آئی اے' نے اس طرح کی شکایات کے ازالے کے لیے انتظامات کیے ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'پی آئی اے' کے بارے میں حالیہ فیک نیوز پر مبنی پراپیگنڈہ مخصوص پاکستان مخالف حلقوں سے سامنے آیا ۔ جس میں کہا گیا کہ 'پی آئی اے' کی پرواز کا سارا عملہ ہی لاپتہ ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اس چیز کو پھیلانے کا مقصد 'پی آئی اے' اور پاکستان کی بدنامی تھا۔ حقیقت میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیک نیوز ایک افغانی اور پاکستان مخالف سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے سامنے آئی ہے۔ تاہم یہ ٹویٹ مکمل طور پر گمراہ کن اور پاکستان کے خلاف دشمنی پر مبنی سوچ کی وجہ سے تھا۔

پاکستان کے انگریزی زبان میں چھپنے والے اخبار ڈان نے 'پی آئی اے' کے ترجمان کے حوالے سے اسی بات کو اپنی رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔

یاد رہے پاکستان ایک عرصے سے 'پی آئی اے' کی نجی شعبے کے ہاتھوں فروخت کی کوشش کر رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں