سابق وزیراعظم عمران خان اور اہلیہ کو بدعنوانی کیس میں 17، 17 سال قید کی سزا
سنہ 2022ء میں عہدے سے برطرفی کے بعد سابق وزیراعظم کو درجنوں مقدمات کا سامنا ہے
پاکستان کی ایک عدالت نے ہفتے کے روز سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف بدعنوانی کے ایک مقدمے میں دونوں کو 17 سال قید کی سزا سنادی۔ یہ مقدمہ ریاست کو پیش کی گئی قیمتی تحائف کو ان کی حقیقی قیمت سے کہیں کم پر حاصل کرنے سے متعلق ہے۔
یہ تازہ سزا پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو درپیش قانونی مشکلات کے سلسلے میں ایک اور اضافہ ہے۔ عمران خان اگست سنہ 2023ء سے جیل میں ہیں اور سنہ 2022ء میں عہدے سے برطرفی کے بعد ان کے خلاف درجنوں مقدمات قائم کیے جاچکے ہیں جن میں بدعنوانی سے لے کر ریاستی راز افشا کرنے تک کے الزامات شامل ہیں۔
دوسری جانب عمران خان نے تمام مقدمات میں کسی بھی بے ضابطگی کی تردید کی ہے جبکہ ان کی جماعت ان کیسز کو سیاسی محرکات کا نتیجہ قرار دیتی ہے۔
عمران خان کے خاندان کے وکیل رانا مدثر عمر نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ عدالت نے دفاع کو سنے بغیر فیصلہ سنایا اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17 سال قید کے ساتھ بھاری جرمانے عائد کیے۔
قید بامشقت
عدالت نے مزید بتایا کہ پاکستانی تعزیرات کے قانون کے تحت امانت میں خیانت کے الزام میں دونوں کو 10 سال قید بامشقت سنائی گئی جبکہ انسداد بدعنوانی قوانین کے تحت مزید سات سال قید کی سزا دی گئی۔ اس کے علاوہ ہر ایک پر 16.4 ملین روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
یہ مقدمہ ان قیمتی تحائف سے متعلق ہے جو سرکاری دوروں کے دوران عمران خان کو موصول ہوئے۔ استغاثہ کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ نے ان تحائف کو انتہائی کم قیمت پر خریدا جو پاکستانی قوانین برائے تحائف کی خلاف ورزی ہے۔ یہ کیس اس پہلے مقدمے سے الگ ہے جو ریاستی تحائف سے متعلق تھا اور جس کے سلسلے میں عمران خان کو سنہ 2023ء کے اگست میں گرفتار کیا گیا تھا۔
بشریٰ بی بی کون ہیں؟
یاد رہے کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی سے سنہ 2018ء میں شادی کی تھی جب کہ بشریٰ بی بی کے پہلے شوہر سے پابچ بچے ہیں۔
بشریٰ بی بی کا اصل نام بشریٰ ریاض وٹو ہے اور انہیں عام طور پر بشریٰ بی بی یا بشریٰ بیگم کہا جاتا ہے جو اردو زبان میں احترام کے القاب ہیں۔
شادی کے بعد سے وہ زیادہ تر عوامی نظروں سے دور رہیں۔ عمران خان ماضی میں کرکٹ کے عالمی سٹار رہ چکے ہیں اور کئی دہائیوں تک عوامی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
چالیس سال سے زائد عمر کی بشریٰ بی بی کا تعلق پنجاب کے ایک زمیندار خاندان سے ہے۔ ان کی ابتدائی زندگی کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ یہ ان کی دوسری شادی ہے۔ پہلی شادی تقریباً 30 برس تک قائم رہی اور ان کے پہلے شوہر خاور فرید مانیکا پنجاب کے ایک بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے کسٹمز افسر تھے۔
عمران خان نے ماضی میں ایک برطانوی اخبار کو بتایا تھا کہ انہوں نے شادی کے بعد ہی پہلی بار اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کا چہرہ دیکھا تھا۔