پاکستان : صدر زرداری کا پاک عراق تجارتی، سیاحتی و زرعی تعلقات بڑھانے پر زور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے عراق کے ساتھ دو طرفہ تجارتی ، سیاحتی اور زرعی تعلقات اور معاہدات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔ صدر پاکستان ان دنوں عراق کے سرکاری دورے پر ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر عراقی قیادت کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقاتوں میں اس امر پر زور دیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی سیاحت کے ساتھ ساتھ تجارتی شعبے میں بھی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے۔ نیز سرمایہ کاری کے امکانات کو بڑھایا جائے۔

پاکستان کے صدر ہفتے کے روز بغداد کے چار روزہ دورے پر پہنچے تو عراق کے وزیر ثقافت ڈاکٹر احمد فکاک البدرانی نے ان کا خیر مقدم کیا۔

یاد رہے پاکستان اور عراق کے درمیان 1947 سے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں کے تعلقات گہرے اور ہمہ جہت ہیں۔

صدر زرداری نے افرادی قوت کے تبادلے اور زرعی شعبے میں تعاون کو مضبوط تر کرنے پر بھی زور دیا۔

پاکستان کے سربراہ کی عراقی قیادت کے ساتھ متوقع ملاقاتوں میں بھی تعلقات کی مذید مضبوطی خاص طور پر باہمی دو طرفہ تعلقات میں اضافے ، تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے ، توانائی ، تعمیر نو، ٹیکنالوجی ، تعلیم، عوام کے باہمی روابط کو مستحکم کرنے کے سارے معاملات زیر بحث آئیں گے۔ یہ بات پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ صدر زرداری کا یہ دورہ دو برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کے مزید استحکام اور مضبوطی کا باعث بنے گا اور دونوں ملک دو طرفہ شراکت داری میں بھی پیش رفت کر سکیں گے۔

اس ماہ کے شروع میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی عراق کا دورہ کیا ہے۔ جہاں انہوں نے عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری سے بھی ملاقات کی۔

علاوہ ازیں برسلز میں ہونے والی ملاقات کے دوران بھی دونوں وزرائے داخلہ کی سائیڈ لائنز میں ملاقاتیں ہوئیں۔ جس میں عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے سفر کو زیادہ بہتر ، محفوظ اور آسان بنانے کے لیے بنائے گئے قوانین اور قواعد و ضوابط پر بھی زور دیا گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں