قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی: کور کمانڈرز کانفرنس

تمام دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے بغیر رعایت نمٹا جائے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے "کہ بھارتی سرپرستی یافتہ تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے ساتھ فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔" "فوج اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے؛ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔"

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 273 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

کانفرنس نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر ملکی ایما پر دہشت گردی کے فروغ کے خلاف مادر وطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں افواج پاکستان کی پُرعزم کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ہمارا ملک بتدریج مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیاکہ بھارتی سرپرستی میں تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے ساتھ فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔

کانفرنس نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی ہوں کانفرنس نے کہاکہ مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا، جو مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور سماجی روابط کے ذریعے گورننس سے جڑے دہشت گردی کے عوامل کا خاتمہ کرتے ہیں۔ شرکا کانفرنس نے پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قومی ایکشن پلان کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

کانفرنس نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا جبکہ شرکا کانفرنس نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی بھی توثیق کی۔ کانفرنس کے شرکاء نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور فلسطینی ریاست کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج کی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مستقل تحفظ کرتے ہوئے 'کنونشنل اور سب کنونشنل' سے لے کر ہائبرڈ اور غیر متناسب چیلنجز تک کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں