ملازمتی کوٹہ مل گیا: پاکستان تین سال کے دوران 10 ہزار سے زائد ملازمین اٹلی بھیجے گا
معاہدہ ایک 'سنگ میل' ہے: حکومت، اٹلی کوٹہ مخصوص کرنے والا اولین یورپی ملک
پاکستان نے اگلے تین سالوں میں اٹلی سے 10,500 ملازمتوں کا کوٹہ حاصل کر لیا ہے جس سے اٹلی کے سیزنل اور نان سیزنل لیبر پروگرام کے تحت یورپ میں پاکستانی کارکنان کے لیے ملازمت کے قانونی راستے کھل گئے ہیں، یہ بات ہفتے کے روز ایک سرکاری بیان میں کہی گئی۔
انتظامات کے تحت اٹلی میں ہر سال 3,500 پاکستانی کارکنان کو ملازمت دی جائے گی جن میں مخصوص موسم کے دوران کام کرنے والے 1,500 کارکنان شامل ہیں جو خصوصی اوقات کے پابند ہوں گے۔ دیگر 2,000 غیر موسمی کارکنان تمام شعبوں میں طویل مدتی ملازمتوں پر رکھے جائیں گے۔
سمندر پار پاکستانیوں اور ترقئ انسانی وسائل کی وزارت نے کہا کہ اٹلی اولین یورپی ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے ملازمتی کوٹہ مختص کیا۔ وزارت نے اس اقدام کو اُن کوششوں میں ایک سنگِ میل قرار دیا جو پاکستان شرقِ اوسط کی روایتی منڈیوں سے آگے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کوٹہ کی تقسیم کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا، "طویل کوششوں کے بعد اٹلی میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے والے ہیں۔"
یہ ملازمتیں شپ بریکنگ، مہمان داری، صحت اور زراعت سمیت متعدد شعبوں میں دستیاب ہوں گی اور ویلڈنگ، تکنیکی تجارت، فوڈ سروسز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنالوجی اور فارمنگ جیسے پیشوں میں ہنرمند اور نیم ہنرمند کارکنان کے لیے مواقع ہوں گے۔
یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اپنی افرادی قوت کے لیے بیرونِ ملک روزگار کے مقامات کو متنوع بنانے اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ کرنے کے لیے کوشاں ہے جو ملکی معیشت کے لیے زرِ مبادلہ کا کلیدی ذریعہ ہے۔
وزارت نے کہا کہ مزدور تعاون پر پاکستان-اٹلی کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں ہونے والا ہے جس میں عمل درآمد اور مستقبل کے تعاون پر گفتگو متوقع ہے۔