پاکستان نے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کر دیا

یو این میں پاکستانی نائب مندوب عثمان جدون نے سکیورٹی کونسل میں خطاب میں فلسطینی عوام کی کسی بھی بے دخلی کی کوشش کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان نے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اعلان کو پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسترد کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی کسی بھی بے دخلی کی کوشش کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

اسرائیل نے صومالیہ کے علیحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کو آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے صومالیہ نے غیر قانونی اور اس کی خود مختاری پر دانستہ حملہ قرار دیا ہے۔

پاکستان سمیت 21 عرب، اسلامی اور افریقی ممالک نے اتوار کو اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ خطے کو تسلیم کرنے کے اقدام کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

پیر کو امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں پاکستانی نائب مندوب عثمان جدون نے خطاب میں صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اسرائیلی اعلان مسترد کر دیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی نائب مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کو دربدر کر کے صومالی لینڈ بھیجنا چاہتا ہے۔

عثمان جدون کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے عالمی برداری سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کا معاملہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق دو ریاستی حل کے ذریعے حل کروایا جائے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ صومالی حکومت ملکی استحکام کے اقدامات کر رہی ہے لیکن اسرائیلی رویہ غیر ذمہ دارنہ اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہے ۔

پاکستانی نائب مندوب نے واضح کیا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور اسلام آباد صومایہ کی خودمختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

’صومالی لینڈ‘ خطہ صومالیہ کا ایک اٹوٹ، لازم و ملزوم اور ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔ کسی بیرونی طاقت کے پاس اس بنیادی حقیقت کو تبدیل کرنے کا قانونی موقف یا اخلاقی اختیار نہیں ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت او آئی سی ممالک کے ایک گروپ نے اسرائیل کے غیر قانونی اقدام کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں