او آئی سی ریاستوں کی صومالی لینڈ، فلسطین پر قراردادیں منظور، پاکستان کی شمولیت

جدہ میں وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے رواں ہفتے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور رکن ممالک کے دیگر نمائندگان کے ہمراہ صومالی لینڈ کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا۔ اجلاس میں عالمی مسلم تنظیم نے افریقی خطے اور فلسطین میں اسرائیل کی فوجی جارحیت پر قراردادیں منظور کیں۔

مذکورہ اجلاس 10 جنوری کو جدہ میں منعقد ہوا جس میں شرکت کے لیے ڈار جمعہ کو سعودی عرب پہنچے تھے۔ واضح رہے کہ صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی اقدام پر تمام دنیا کے مسلم ممالک نے شدید تنقید کی ہے۔

پاکستان سمیت مسلم ممالک کو خدشہ ہے کہ یہ اقدام فلسطینی مسلمانوں کی زبردستی افریقی خطے میں منتقلی کے منصوبے کا حصہ ہو سکتا ہے۔ گذشتہ سال کئی بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے اطلاع دی کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ سے زبردستی بے دخل کر کے ان کی ممکنہ دوبارہ آباد کاری پر صومالی لینڈ سے رابطہ کیا تھا۔

سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان نے ہفتے کے روز بتایا، "نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اسرائیل کی طرف سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے بارے میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 22 ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے او آئی سی سیکرٹریٹ پہنچے ہیں۔"

ہفتے کی رات کے اواخر میں او آئی سی کے جاری کردہ ایک بیان میں سیکرٹری جنرل حسین برہم طہٰ نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی فیصلے کو "خطرناک نظیر" قرار دیتے ہوئے کہا، یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے فلسطین میں جاری بحران کے بارے میں بھی بات کی اور فلسطینی سرزمین سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء اور مخالفانہ کارروائیوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

او آئی سی نے کہا، "وزارتِ خارجہ کونسل نے دو قراردادیں منظور کر کے اپنا 22 واں غیر معمولی اجلاس ختم کیا جن میں سے پہلی وفاقی جمہوریہ صومالیہ میں ہونے والی پیش رفت پر اور دوسری فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور ان کی سرزمین کے الحاق اور جبری نقلِ مکانی کے منصوبے پر ہے"۔

پاکستان نے جمعرات کو او آئی سی اور کئی دیگر مسلم ریاستوں کے ہمراہ اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیڈون سار کے چھے جنوری کو صومالی لینڈ کے دورے کی مذمت کی اور اسے افریقی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ جدہ میں کانفرنس کے موقع پر اسحاق ڈار او آئی سی رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں دیگر علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون کے لیے تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں