خیبرپختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ 24 عسکریت پسند مارے گئے: پاکستانی فوج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

خیبر پختونخوا میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ [آئی ایس پی آر] کے مطابق یہ کارروائیاں چار اور پانچ فروری کو کی گئیں، جن کا مقصد صوبے میں امن و امان کو درپیش سنگین خطرات کا خاتمہ کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ضلع اورکزئی میں اس وقت کی گئی جب مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئیں کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر علاقے میں موجود ہیں اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کا آغاز کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں گھیرے میں لے لیا۔

بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کیا گیا تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی دہشت گرد سرگرمی کا امکان ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دوسری کارروائی ضلع خیبر میں کی گئی، جہاں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران بھارتی حمایت یافتہ مزید 10 دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں ہلاک کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد بھارتی پراکسی نیٹ ورک کے تحت سرگرم تھے اور صوبے میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں ملوث تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے دہشت گرد یا سہولت کار کی موجودگی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بروقت کارروائی اور عزم کو سراہا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قیامِ امن کے لیے فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ ستائش ہیں اور بھارتی پراکسی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں