سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کی شام وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئےموجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کی جانب سے اختیار کردہ غیر معمولی تحمل کو سراہا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وزیر اعظم نے حالیہ دنوں میں ولی عہد کے ساتھ اپنی گفتگوؤں کا حوالہ دیا، جن میں 12 مارچ کو جدہ میں ہونے والی ملاقات بھی شامل ہے۔ انہوں نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی وسیع سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جن میں کشیدگی کم کرنے اور امریکہ و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت کو اجاگر کیا۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورتحال پر سعودی عرب کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں اور قریبی رابطے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا اور خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
قریبی روابط کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، فریقین نے تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے دو طرفہ اور کثیر جہتی سطحوں پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
قبل ازاں ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ سے خطے میں موجود کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرا خارجہ نے آج اتوار کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ چار طرفہ اجلاس 'ابھرتی ہوئی علاقائی صورت حال کا جائزہ لینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے بلایا گیا۔‘ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔