شاہ سلمان ریلیف:خوشحال ترین صوبہ پنجاب کے دس اضلاع سمیت 31 اضلاع میں خیرات تقسیم کا منصوبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کے بین الاقوامی خیراتی ادارے نے بھوکے ننگے رکھے گئے شہریوں میں خوراک کی مفت تقسیم کے لیے سال 2025 / 2026 کا اپنا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے خوشحال ترین بتائے جانے والے صوبہ پنجاب کے سب سے زیادہ اضلاع میں غربت زدہ لوگوں کی امداد کی گئی اور انہیں بھوک مٹانے کے لیے خوراک مہیا کی گئی۔

محترمہ مریم نواز شریف کے زیر قیادت اس صوبے کے دس اضلاع میں غربت کے مارے اہل پنجاب نے سعودی خیراتی ادارے سے استفادہ کیا ہے۔ 'شاہ سلمان ریلیف' نے ان دس اضلاع میں یہ خیرات فوڈ سیکیورٹی پراجیکٹ کے تحت تقسیم کی ہے۔

مجموعی طور پر پاکستان کے 195487 شہریوں کو اس منصوبے کے تحت کھانے پینے سے متعلق فوڈ پیکج دیے گئے ہیں۔ یہ خوراک پیکج پاکستان کے کل 31 اضلاع میں تقسیم کیے گئے ، جن میں صوبہ بلوچستان دوسرے نمبر پر رہا اور اس سرداری قبائلی راج روایت کے زیر اثر صوبے کے 7 اضلاع میں غربت کے مارے عام لوگوں کو 'شاہ سلمان ریلیف' کی مفت خوراک کے منصوبے سے مدد ملی۔ صوبہ سندھ نے خیرات لینے میں تیسری پوزیشن لی اور اس کے 6 اضلاع کے غربت زدہ افراد کو مفت کھانے کی اشیاء وغیرہ دی گئیں۔ جبکہ صوبہ خیبر اس معاملے میں سب سے کم استفادہ کرنے والا رہا۔ اس کے 5 اضلاع میں غربت زدہ لوگوں کو ایک بین الاقوامی خیراتی ادارے سے خوراک لینا پڑی۔

'شاہ سلمان ریلیف' سالہا سال سے پاکستان سمیت دنیا کے کئی غربت زدہ ملکوں میں خوراک، ادویات اور دوسرا ضروری سامان بانٹ رہا ہے۔ اس نے اپنے سال 2025 / 2026 کے سلسلے می خیراتی منصوبے کو پاکستان کے کل 31 اضلاع تک وسعت دی۔ 'شاہ سلمان ریلیف' نے اس منصوبے کی تکمیل کا اتوار کے روز اعلان کیا ہے۔ 'شاہ سلمان ریلیف' کے مطابق انسانی بنیادوں پر سرگرمیوں کے لیے پاکستان کو اپنے اہم ترین شراکت داروں کے طور پر دیکھتا ہے۔

عام دنوں کے علاوہ قدرتی آفات کے دنوں میں بھی سعودی عرب کا یہ بین الاقوامی ادارہ اہل پاکستان کے لیے بڑھ چڑھ کر خدمات پیش کرتا ہے۔ سیلاب زدہ پاکستانیوں ، زلزلہ متاثرین کے علاوہ عام غربت زدہ افراد کے لیے بھی 'شاہ سلمان ریلیف' خدمات انجام دیتا ہے۔ اس کی خدمات کے شعبوں میں خوراک کے علاوہ ادویات اورکمبل اور خیمے تک شامل ہوتے ہیں۔ نیز تعلیم کے شعبے میں بھی یہ ادارہ خدمات پیش رتا ہے۔

خوراک تحفظ پروگرام کے تحت 'شاہ سلمان ریلیف' نے 87 کلو گرام وزنی پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔ ان پیکٹوں مین آٹا، کوکنگ آئل، چینی، دالیں اور کھجوریں شامل کی جاتی ہیں۔ پاکستان میں چونکہ غربت میں اضافہ جاری ہے اس لیے 'شاہ سلمان ریلیف' کی اہل پاکستان کے لیے خدمات بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کا 'شاہ سلمان ریلیف' کے ساتھ گہرا ارتباط ہے۔ تاکہ جوں جوں غربت میں اضافہ ہوتا رہے 'شاہ سلمان ریلیف' کی امدادی اشیاء بھی بروقت پہنچتی رہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں