پاک فضائیہ کے سربراہ کی بحرین کے نیشنل گارڈز کے سربراہ سے اسلام آباد میں ملاقات
بحرین کے نیشنل گارڈز کے سربراہ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے اسلام آباد میں کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
اس موقع پر نیشنل گارڈز کے اسسٹنٹ چیف آف سٹاف برائے آپریشنز اینڈ ٹریننگ بریگیڈیئر شیخ سلمان بن محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور شعبہ صدارتی دیوان کے سربراہ بریگیڈیئر محمد عبداللہ ربیعہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران نیشنل گارڈز کے سربراہ نے بحرین اور پاکستان کے تعلقات میں مسلسل پیش رفت اور مشترکہ عسکری تعاون کی اعلیٰ سطح کو سراہا۔ انہوں نے فریقین کے درمیان تجربات کے تبادلے اور کوآرڈینیشن کے شعبوں کو مزید ترقی دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
دوسری جانب پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں فوجی سربراہاں نے باہمی دل چسپی کے امور کا جائزہ لیا اور عسکری تعاون اور کوآرڈینیشن کو فروغ دینے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا تاکہ مشترکہ مفادات کے حصول اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ نیشنل گارڈ کے سربراہ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اپنے ایک سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے، جس میں ان کے ہمراہ نیشنل گارڈ کے اسسٹنٹ چیف آف سٹاف برائے آپریشنز اینڈ ٹریننگ بریگیڈیئر شیخ سلمان بن محمد بن عیسیٰ آل خلیفہ بھی تھے۔
راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس پر آمد پر ان کا استقبال پاکستانی فوج کے اعلیٰ حکام، حکومتی نمائندوں، پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد اور سفارت خانے کے عملے نے کیا۔
یہ دورہ بحرین اور پاکستان کے درمیان قائم گہرے برادرانہ تعلقات کے تناظر میں ہے اور فریقین مختلف شعبوں، بالخصوص عسکری اور سکیورٹی امور میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔