جنوبی افغانستان میں ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ، پانچ امریکی فوجی ہلاک
گزشتہ برس قندھار میں باغیوں نے فوجی ہیلی کاپٹر گرایا تھا
جنوبی افغانستان میں ایک ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں پانچ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس ہیلی کاپٹر کو کسی نے حملے کا نشانہ نہیں بنایا ہے بلکہ یہ خراب موسم کے باعث گِر کر تباہ ہوا ہے۔ ابھی اس واقعے کے اصل اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی بیانات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز [پیر] قندھار کے قریب پیش آیا۔ گزشتہ سال اگست کے بعد سے یہ اپنی نوعیت کا شدید ترین واقعہ ہے۔ تب قندھار صوبے ہی میں باغیوں کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران ایک ہیلی کاپٹر کو مار گرایا گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں سات امریکی اور چار افغان فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔