"ورتل القراٰن" العربیہ کا خصوصی رمضان پروگرام

قرآن کلچر کا فروغ، قراء کا تعارف پروگرام کے مستقل سلسلے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

العربیہ نیوز چینل گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی ماہ صیام کے موقع پر حفظ و تلاوت قرآن کریم کے حوالے سے خصوصی سلسلہ وار پروگرام "ورتل القرآن" پیش کر رہا ہے۔ پروگرام میں عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے 55 قاری حضرات کے تجربات پیش کیے جائیں گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ترتیل قرآن کے حوالے سے ماہ صیام میں یہ تیسرا سالانہ خصوصی پروگرام ہو گا۔ پروگرام میں سعودی عرب، مصر، مراکش، اردن، خلیجی ملکوں اور مشرق وسطیٰ کے قراء کرام کو دعوت دی جائے گی۔ مشاہیر قراء کی تلاوت کلام پاک سے ناظرین کے ایمان کو تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ حفظ قرآن کریم کے حوالے سے ان کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ پاکستان میں ناظرین مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے پروگرام دیکھ سکیں گے۔

محمد الھادی الحناشی کی میزبانی میں نشر ہونے والے پروگرام "ترتیل قرآن" کا مقصد فرد اور معاشرے میں قرآنی اقدار کے فروغ، کلام اللہ کی تاثیر، حفظ قران اور قرآن پاک کے درست ہجے میں تلاوت کے کلچر کو عام کرنا ہے۔

گذشتہ برس اور اس سے پیوستہ ماہ صیام کے دوران مصر، سعودی عرب، مراکش، کویت، یمن، لبنان، بحرین، اردن، سودان، عراق، شام اور کئی دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے 55 قراء کرام کو مدعو کیا گیا تھا۔ اسی ترتیب کے مطابق امسال بھی پچپن قراء حضرات اپنے تجربات سے مستفید کریں گے۔ تلاوت کلام پاک کے حوالے سے مصری، حجازی، مراکشی مدارس کے مخصوص طرق ہائے تلاوت سے بھی عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا۔

پروگرام میں دنیا بھر میں مقابلہ حسن قرات میں اول آنے والے 30 قراء کرام کو خصوصی طور پر شریک کیا جائے گا۔ پرانے قراء میں مصر کے الشیخ مصطفیٰ اسماعیل کو مدعو کیا گیا ہے۔ قاری مصطفیٰ اسماعیل کا شمار عالم اسلام کے معاصر جید اور ممتاز قراء کرام میں ہوتا ہے۔

یہ پروگرام تین سال پیشتر شروع کیا گیا تھا، جسے بڑے پیمانے پر عرب اور اسلامی دنیا میں پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں