بل گیٹس نے 5 کتابیں تجویز کر دیں ... یہ آپ کا دنیا کو دیکھنے کا زاویہ بدل دیں گی !

ان میں سے ہر ایک کسی اہم پہلو پر روشنی ڈالتی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

نئے سال کے قریب آنے اور موسم کی سردی کے ساتھ امریکی ارب پتی بل گیٹس کا کہنا ہے کہ یہ وقت ایک اچھی کتاب کے ساتھ بیٹھنے کے لیے بہترین ہے۔ اپنی بلاگ پوسٹ میں گیٹس نے چھٹیوں کے دوران مطالعے کے لیے اپنی سالانہ کتابوں کی فہرست جاری کی، یہ بتاتے ہوئے کہ ان میں سے ہر کتاب ہماری زندگی میں کسی نہ کسی اہم چیز کے کام کرنے کے طریقے کو اجاگر کرتی ہے۔

فہرست میں 5 کتابیں شامل ہیں جو ناول، سائنس اور سیاست جیسے مختلف موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔ یہ کتابیں ریٹائرمنٹ کے بعد زندگی کے معنی تلاش کرنے، موسمیاتی بحران کو سمجھنے، انسانی رابطے کی نفسیات، تخلیقی صنعتوں میں آنے والی تبدیلیوں اور اس سوال جیسے موضوعات پر مبنی ہیں کہ آخر امریکہ بڑے ترقیاتی منصوبے بنانے کی صلاحیت کیوں کھوتا جا رہا ہے۔

گیٹس نے لکھا "ان میں سے ہر کتاب ہماری زندگی کے ایک بنیادی پہلو سے پردہ اٹھاتی ہے : عمر کے آخری مرحلے میں مقصد کیسے تلاش کریں، موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں کیسے سوچیں، تخلیقی صنعتیں کیسے ترقی کرتی ہیں، انسان آپس میں کیسے رابطہ کرتے ہیں اور امریکہ نے بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کی صلاحیت کیوں کھو دی ہے۔"

یہ ہیں وہ پانچ کتابیں جن کا انتخاب بل گیٹس نے کیا:

1 ۔ "Remarkably Bright Creatures" شیلبی وان بیلٹ

یہ ناول ایک بڑے آبی حوض (Aquarium) میں ترتیب دیا گیا ہے، اور کہانی کا کچھ حصہ ایک آکٹوپس کی نظر سے بیان ہوتا ہے! گیٹس کہتے ہیں کہ انہیں ایسے ناول پسند ہیں جن کی انوکھی کردار نگاری قاری کو دنیا کو نئے زاویے سے دیکھنے پر مجبور کر دے۔ کہانی میں ایک ستر سالہ بیوہ، جو ایکویریئم میں نائٹ گارڈ ہے اور ایک آکٹوپس ’’مارسیلَس‘‘ کے درمیان دوستی دکھائی گئی ہے۔ ناول تنہائی اور ریٹائرمنٹ کے بعد زندگی کے مقصد جیسے سوالات اٹھاتا ہے ... ایسے موضوعات جنھوں نے گیٹس کو بھی اپنی مستقبل کی زندگی کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا۔

2 ۔ "Clearing the Air" ہانا رِچی

یہ سائنسی کتاب موسمیاتی بحران سے متعلق 50 اہم سوالات کا جواب دیتی ہے، جیسے قابلِ تجدید توانائی کی افادیت اور آیا دنیا خطرناک موسمیاتی تباہیوں سے بچ سکتی ہے یا نہیں۔ گیٹس اسے "موسمیاتی چیلنج کی سب سے واضح تشریح" قرار دیتے ہیں، اور مصنفہ کے ایسے انداز کی تعریف کرتے ہیں جو معلومات پر مبنی اور غیر جذباتی ہے، جس سے پیش رفت کے امکانات واضح ہوتے ہیں۔

3 ۔ "Who Knew" بَیری ڈیلر

یہ مشہور امریکی میڈیا ٹائیکون کی سوانح عمری ہے جس نے ٹی وی اور انٹرنیٹ کی دنیا میں بڑی تبدیلیاں پیدا کیں۔ گیٹس جو ڈیلر کے دیرینہ دوست ہیں، کہتے ہیں کہ کتاب نے انھیں کئی نئی باتوں سے آگاہ کیا ... خاص طور پر اس شخص کی جدت پسندی کے بارے میں جس نے ٹی وی فلموں کا تصور پیش کیا اور انٹرنیٹ پر سب سے پہلے بڑا اعتماد دکھایا۔

4 ۔ "When Everyone Knows That Everyone Knows" اسٹیون پنکر

ہارورڈ یونیورسٹی کے معروف ماہرِ نفسیات کی تازہ ترین کتاب جس میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ ’’مشترکہ علم‘‘ (Common Knowledge) کس طرح انسانی رابطے، تعاون اور سماجی رویّوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ گیٹس کے مطابق یہ "عملی اور آسان پڑھنے والی کتاب ہے، باوجود اس کے کہ موضوع پیچیدہ ہے" ... اور اس نے ان کی روزمرہ انسانی تعاملات کو دیکھنے کی سوچ بدل دی۔

5 ۔ "Abundance" اِزرا کلائن اور ڈیرِک تھامسن

یہ سیاسی و معاشی کتاب اس بات کا جائزہ لیتی ہے کہ امریکہ جدید دور میں بڑے منصوبے کیوں نہیں بنا پا رہا …خواہ وہ انفراسٹرکچر ہو یا سائنسی جدت ۔ کتاب ’’ایجنڈا آف ابنڈنس‘‘ کا تصور پیش کرتی ہے جو غیر ضروری رکاوٹوں اور ضابطہ جاتی پیچیدگیوں کو کم کر کے ترقی کو ممکن بنا سکتا ہے۔ گیٹس کا کہنا ہے کہ اگرچہ کتاب تمام مسائل کا حل نہیں دیتی، مگر یہ درست سوالات ضرور اٹھاتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ عالمی صحت کے شعبے میں بھی ضرورت سے زیادہ بیوروکریسی اکثر پیش رفت میں رکاوٹ بنتی ہے۔

آخر میں گیٹس لکھتے ہیں "اگر آپ ایسی کتابوں کی تلاش میں ہیں جو آپ کی تجسس کو جگائیں اور آپ کو دکھائیں کہ دنیا کس طرح کام کرتی ہے، تو یہ فہرست بہترین نقطہ آغاز ہے۔"

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں