.

صحت کے لیے " کالی مرچ " کے 6 اہم فوائد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہمارے گھروں میں شاید ہی کوئی باورچی خانہ ایسا ہو جہاں کالی مرچ نہ پائی جاتی ہو۔ یہ معروف ترین مصالحوں میں سے ہے اور ہمارے اکثر کھانوں کا حصہ بنتی ہے۔ کالی مرچ کی وجہ سے تیار کیے جانے والے کھانوں کو اچھا ذائقہ مل جاتا ہے مگر کیا آپ نے کبھی یہ سوچا کہ صحت کے لیے یہ کتنی مفید ہے؟

صحت سے متعلق ویب سائٹ "بولڈ اسکائی" کے مطابق کالی مرچ میں " پیپرین " نامی ایک فعال عنصر ہوتا ہے جو اس کو خاص ذائقہ دیتا ہے اور اس کے متعدد فوائد کا ذیعہ بنتا ہے۔ ان میں چند اہم ترین یہ ہیں :

1- کالی مرچ میں سرطانی رسولیوں کے خلاف مزاحمت پائی جاتی ہے۔

2- یہ انسانی معدے میں ہائیڈروکلورک ایسڈ کے اخراج میں اضافہ کرتی ہے جس سے ہاضمے کا عمل بہتر ہوجاتا ہے۔ اسی وجہ سے یہ معدے کی تیزابیت اور "قبض" کی شکایت کو دور کرتی ہے۔

3- کالی مرچ جراثیم کے خلاف خصوصیات کے سبب امتیازی اہمیت رکھتی ہے۔ یہ آنتوں کو متاثر کرنے والی جرثومی امراض کے علاج میں مدد کرتی ہے۔

4- کھانے میں لذت کا اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ کالی مرچ کھانے کی خواہش میں بھی اضافہ کرتی ہے۔

5- اگرچہ کالی مرچ کھانے کی رغبت کو بڑھاتی ہے تاہم اس کے باوجود یہ وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ کالی مرچ کی بیرونی تہہ چربی والے خلیوں کو توڑنے کے لیے حرکت میں لاتی ہے جس سے اچھی صحت برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے اور بہتر طور پر چربی کو گھلانے کے لیے مسلسل توانائی فراہم ہوتی ہے۔

6- کالی مرچ سے انسانی معدے میں گیس بننے کا عمل بہت کم ہوجاتا ہے۔ اگر آپ معدے میں گیس کی کثرت سے دوچار ہیں تو پھر اپنے پکوانوں میں کالی مرچ کا اضافہ کیجیے۔

ان تمام امور کے باوجود ہمارے پکوانوں میں کالی مرچ کی مقدار معتدل ہونا چاہیے۔ اس لیے کہ کالی مرچ زیادتی معدے اور آنتوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کو اپنے کھانوں میں کالی مرچ کی زیادتی سے بچنا چاہیے۔ ہر چیز میں اعتدال ہمیشہ سے بہتر ہوتا ہے۔