اردنی ہوا باز کی جانب سے شاہ سلمان کے دورے کا انوکھا خیر مقدم
سوشل میڈیا پر ایک اردنی ہواباز کی تصویر گردش میں ہے جس میں وہ اپنے خاص انداز سے خادم حرمین شریفین کا خیر مقدم کرتا نظر آ رہا ہے۔ مذکورہ ہوا باز نے اپنے جذبات کا اظہار ایک خیر مقدمی پیغام کے ذریعے کیا جس کو وہ اپنے لڑاکا طیارے کے کاک پٹ کے اندر سے دکھا رہا ہے۔
ہواباز نے اپنے پیغام میں یہ عبارت تحریر کی " خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو خوش آمدید"... اور پھر فضا میں اڑان کے دوران اس پیغام کی تصویر لی۔ تصویر میں ایک جانب شاہ سلمان کا طیارہ اردن کی سرزمین میں داخل ہوتا نظر آرہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اردنی اورسعودی حلقوں کے صفحات اور ٹوئیٹس میں یہ تصویر وسیع پیمانے پر پھیل گئی ہے۔
اس کے علاو خادم حرمین شریفین کا دورہ اردن سوشل میڈیا بالخصوص اردنی حلقوں میں نمایاں حیثیت کا حامل نظر آ رہا ہے جہاں سعودی فرماں روا کے عوامی استقبال کی تصاویر اور وڈیو کلپوں کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
شاہ سلمان کے سرکاری استقبال کے لیے مارکا کے فوجی ایئرپورٹ پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے علاوہ کئی وزراء اور امراء موجود تھے۔