ریاض کی مساجد میں امامت کے لیے نجدی لہجہ میں تلاوت شرط قرار
سعودی عرب کے دیگر شہروں میں امام کی پسند اور خواہش کے مطابق تلاوت کی جائے گی
سعودی عرب میں اسلامی امور کے وزیر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ "ہم ریاض کی مساجد کے اماموں کو نجدی لہجہ میں تلاوت کرنے کا پابند کریں گے، جو اس پر عبور نہیں رکھتا ہم اس کی جگہ کسی اور کو لے کر آئیں گے۔
اپنے ایک ویڈیو کلپ کے دوران عبداللطیف آل الشیخ نے مزید کہا کہ نجد کی تلاوت الگ اور نفس روح کے بہت قریب ہے۔ نجد کے لوگ خاص طور پر شہر ریاض کے لوگ اسی طرز تلاوت کے لیے مشہور ہیں۔ یہ بہت پرانی تلاوت ہے، میرے خیال میں تلاوت کے اس لہجہ کو غائب ہونے سے بچانا اور زندہ کرنا بہت مناسب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاض کے تمام ائمہ سے نجدی لہجہ میں قراءت پڑھنے کو کہا گیا تھا تاہم دوسرے شہروں میں قراءت امام کی پسند اور خواہش کے مطابق ہے۔ نجدی پڑھنے کی ذمہ داری صرف ریاض تک محدود ہے دیگر علاقوں کے اماموں کے لیے لازم نہیں ہے۔