شعیب ملک نے ثنا جاوید سے دوسری شادی کر لی

شعیب کے اہلخانہ ثانیہ مرزا سے شادی ختم ہونے پر سخت رنجیدہ، ردعمل سامنے آگیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی۔

شعیب ملک نے ثنا جاوید سے شادی کا اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور ایکس اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر پوسٹ کر کے کی۔

انہوں نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’الحمداللہ‘ اور ساتھ ہی قرآنی آیت بھی لکھی۔

یاد رہے کہ ثنا جاوید نے گلوکار عمیر جیسوال سے پہلی شادی کی تھی جبکہ شعیب ملک نے پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی۔

شعیب ملک کی ثانیہ مرزا سے طلاق کی افواہیں

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے آٹھ سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہو گئے۔

کئی ماہ سے طلاق کی افواہیں گردش کرنے کے بعد دونوں نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے نہ تصدیق کی اور نہ تردید کی ہے۔

تاہم اس دوران شعیب ملک متعدد بار ثانیہ مرزا کا نام لیتے ہوئے ان کی تعریف کرچکے ہیں۔

ایک انٹرویو میں وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نہ صرف ان کے اور ثانیہ مرزا بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔

ثنا جاوید کی گلوکار عمیر جیسوال سے طلاق کی افواہیں

ثنا جاوید اور عمیر جیسوال کا نکاح اکتوبر 2020 میں ہوا تھا، نکاح کے بعد دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ٹیگ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اسٹوریز بھی شیئر کیں۔

ان کے درمیان طلاق کی افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب عمری جیسوال ثنا جاوید کے بغیر عمرے کی سعادت کرنے مکہ مکرمہ گئے تھے۔

اس کے علاوہ دونوں فنکاروں نے اپنے اپنے انسٹا گرام پروفائل سے اپنے نکاح کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردی تھیں۔

سوشل میڈیا صارفین اور شوبز ویب سائٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ ثنا جاوید اور عمیر جیسوال کے درمیان علاحدگی ہو چکی ہے، تاہم دونوں نے علاحدگی کی تصدیق نہیں کی تھی۔

شعیب کے اہلخانہ ثانیہ سے شادی کے خاتمے پر سخت رنجیدہ

دوسری جانب پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے طلاق پر کرکٹر کے گھر والے انتہائی رنجیدہ ہیں۔

اس بات کا انکشاف شعیب ملک کے بہنوئی عمران ظفر نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ شعیب ملک کی فیملی میں سے کسی نے شادی میں شرکت نہیں کی، ان کے اہلخانہ ثانیہ مرزا سے شادی ختم ہونے پر سخت رنجیدہ ہیں۔

عمران ظفر نے کہا مجھے بھی شادی کا سوشل میڈیا سے پتا چلا ہے، خاندان میں سے کوئی شادی میں شامل نہیں تھا۔

ذرائع کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک میں باقاعدہ طلاق ہو چکی ہے اور قانونی حیثیت سے شعیب ملک بیٹے کو دبئی میں ملتے رہیں گے، شعیب اور ثانیہ کے تعلقات خراب ہونے پر شعیب ملک کی فیملی دبئی بھی گئی۔

شعیب ملک کی فیملی 2022 کے آخر میں دو ہفتے دبئی رہی، دونوں کے گھر قیام کے دوران تعلقات خوشگوار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی، شعیب ملک کی فیملی ثانیہ مرزا سے طلاق کے حق میں نہیں تھی، طلاق ہونے پر شعیب ملک کی فیملی کو بہت دکھ ہوا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ فیملی نے شعیب ملک کو بھی تعلقات بہتر بنانے کا کہا، اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ معاملات ایک عرصے سے چل رہے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں