ندرت عمل کا راز خوشگوار عائلی زندگی میں پوشیدہ ہے؟ تحقیق نے راز کھول دیا!
گھریلو زندگی کو فروغ دینے والی چیزوں میں مکالمہ اور ذمہ داریوں کو بدل بدل کر انجام دینا ضروری ہے
حال ہی میں سامنے آنے والی ایک سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ خوشگوار خاندانی زندگی کام میں نمایاں تخلیقی صلاحیت کا اصل سبب ہے۔ اسی تحقیق میں ہدایت کی گئی ہے کہ گھر میں ایک منظم معمول اپنایا جائے تاکہ پیشہ ورانہ زندگی میں کارکردگی، ندرت فکر وعمل کو کامیابی سے برقرار رکھا جا سکے۔
العربيہ ڈاٹ نیٹ نے "بی سائیکولوجی ٹوڈے" کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک نئی تحقیق کے نتائج کے مطابق، "گھر اپنی توانائی کو صرف روزمرہ کے کاموں پر خرچ کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ کام میں تخلیقی صلاحیت اور پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔"
برطانیہ کی یونیورسٹی آف باتھ میں تنظیمی نفسیات اور انسانی وسائل کے انتظام کی پروفیسر ڈاکٹر یاسین روفکینن کی تحقیق کے مطابق، جب لوگ گھر کے کاموں میں پہل کرتے ہیں جیسے بچوں کی دیکھ بھال کے معمولات میں تبدیلی کرنا، ذمہ داریوں کا تبادلہ کرنا، یا خاندانی نظام کو نئے سرے سے ترتیب دینا،تو وہ اعتماد اور موافقت کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں جو کام کی جگہ تک منتقل ہو جاتی ہے۔
تحقیق کے دوران، روفکینن نے 147 دو ملازمتیں کرنے والے جوڑوں کا چھ ہفتوں تک مطالعہ کیا، اور اس نتیجے پر پہنچے کہ جو لوگ گھر میں یہ معمولات اپناتے ہیں، وہ "سٹریٹجک تجدید" میں مشغول ہو جاتے ہیں اور مختلف شعبوں میں متعدد فوائد حاصل کرتے ہیں۔
نفسیات کے ماہرین اس ماڈل کو "کام اور گھر کے وسائل کا ماڈل" کہتے ہیں، جس کی بنیادی سوچ سادہ ہے: جب آپ اپنی زندگی کے کسی پہلو میں بہتر ڈھانچے یا معاونت میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، تو آپ ذاتی وسائل تخلیق کرتے ہیں جو دوسرے پہلو تک منتقل ہو جاتے ہیں۔
روفکینن کی ٹیم کے مطابق جن افراد نے گھر میں چھوٹے مگر سوچ سمجھ کر کیے گئے تبدیلیاں کیں، انہوں نے گھر میں زیادہ "رونق" محسوس کی، اپنی خود کارکردگی میں اضافہ کیا، اور کام میں زیادہ تخلیقی صلاحیت دکھائی۔
اور "رونق" وہ احساس ہے جس میں وقت تیزی سے گزرنے لگتا ہے، جبکہ "خودکارکردگی آپ پر یقین ہے کہ آپ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ سٹریٹجک تجدید عموماً اس بات کا طریقہ ہے کہ آپ یہ سوچیں کہ آپ اپنے کام کو کس طرح انجام دے سکتے ہیں تاکہ آپ خود کو ڈھال سکیں، بجائے اس کے کہ کسی بحران کا انتظار کریں جو آپ کو تبدیلی پر مجبور کرے۔
محققین گھر میں خاندانی زندگی میں کئی تبدیلیاں کرنے کی سفارش کرتے ہیں، جیسے اسکول سے بچوں کو لے جانے کی ذمہ داری کو شوہر اور بیوی کے درمیان بانٹنا، ٹکنالوجی سے خالی اوقات مقرر کرنا، کسی کونے کو دوبارہ ترتیب دے کر اسے پرسکون علاقہ بنانا، اور صبح کے اوقات میں ہجوم سے بچنے کے لیے مشترکہ کیلنڈر استعمال کرنا۔
نفسیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ "ہر چھوٹی تبدیلی ایک چھوٹی کامیابی پیدا کرتی ہے۔ چھوٹی کامیابیاں تحریک پیدا کرتی ہیں، اور یہ تحریک کنٹرول کے احساس کو جنم دیتی ہے۔ کنٹرول کا احساس کام میں تحقیق اور خطرہ مول لینے کی صلاحیت کو فروغ دیتی ہے۔"