سعودی عرب میں حج و عمرہ کے نظام نے "جاي للعمرة" (عمرہ کے لیے آمد) کے نام سے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو ان ہدایات، طور طریقوں اور خدمات سے آگاہ کرنا ہے جو مناسک کی ادائیگی میں آسانی اور عمرہ کے تجربے کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔ یہ مہم رمضان کے سیزن کی تیاریوں کا حصہ ہے، اور اس کا آغاز ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب 1447ھ کے سیزن کے آغاز سے اب تک سعودی عرب سے باہر سے آنے والے معتمرین کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
رمضان کے اختتام تک جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد معتمرین کو ان کے روحانی سفر کے تمام مراحل ... آمد کی نیت سے لے کر اپنے ممالک واپسی تک ... ڈیجیٹل اور زمینی ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری معلوماتی چینلوں سے استفادہ کرنے اور حرمین شریفین و دیگر سروس سائٹس پر مثبت رویوں کے عزم کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔
#جاي_للعمرة؟
— وزارة الحج والعمرة (@HajMinistry) January 25, 2026
من أول خطوة… إلى آخر دعاء
رحلة إيمانية نمهّد لك فيها الطريق؛ لتؤدي نسكك بيسر وطمأنينة. pic.twitter.com/Kxypx4KJzU
اس مہم کے تحت 18 سے زائد مقامات پر آگاہی سرگرمیاں شامل ہیں، جن میں سرحدی مراکز، ہوائی اڈے، ٹرانسپورٹ اسٹیشنز، حرمین شریفین، رہائشی سہولیات اور تاریخی و ثقافتی مقامات شامل ہیں۔ ان مقامات پر معلوماتی اسکرینز، گائیڈ بورڈز، ٹیکسٹ میسجز اور ڈیجیٹل میڈیا مواد کا استعمال کیا جا رہا ہے جو 6 سے زائد زبانوں میں دستیاب ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
(عمرہ کے لیے آمد) مہم کی عمل داری میں حج و عمرہ کے نظام سے وابستہ 24 سے زائد سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش ادارے شریک ہیں، تاکہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے آگاہی کے پیغامات کو معتمرین کی بڑی تعداد تک پہنچایا جا سکے۔