حساس چکنی جلد کی دیکھ بھال کیسے کریں؟

مسئلہ صرف چکناہٹ میں نہیں ہوتا بلکہ جلد کی حفاظتی تہہ کی کمزوری اور جلد کے اندرونی توازن کے بگڑنے میں ہوتا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 7 منٹ

حساس چکنی جلد ایک الجھا دینے والے تضاد کی مانند لگتی ہے کیونکہ یہ تیل تو بکثرت خارج کرتی ہے لیکن ساتھ ہی یہ تیز مصنوعات اور سخت روٹین پر بہت جلدی ردِعمل کا اظہار بھی کرتی ہے۔ مسلسل چمک اور اچانک سرخی کے درمیان چکناہٹ کے اخراج کو کم کرنے کے مقصد سے حد سے زیادہ صفائی اور سکربنگ کے جال میں پھنس جانا بہت آسان ہوتا ہے۔

تاہم جلد کے جدید ترین مطالعے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ مسئلہ اکثر صرف چکناہٹ میں نہیں ہوتا بلکہ جلد کی حفاظتی تہہ کی کمزوری اور جلد کے اندرونی توازن کے بگڑنے میں ہوتا ہے۔ جلد کی دیکھ بھال کی تحقیق میں پیش رفت کے ساتھ ماہرین نے ایک نئے تصور کے بارے میں بات کرنا شروع کر دی ہے۔ چکنی جلد ایک ہی وقت میں پانی کی کمی کا شکار اور حساس بھی ہو سکتی ہے۔ اسی لیے اسے زیادہ سخت نہیں بلکہ زیادہ سمجھدارانہ روٹین کی ضرورت ہوتی ہے۔

اضافی چکناہٹ اور حساسیت

ایک طویل عرصے تک چکنی جلد کو حساسیت اور خشکی کے خطرے سے محفوظ تصور کیا جاتا تھا۔ تاہم 2025 میں جریدے "سائنٹیفک رپورٹس" میں شائع ہونے والی ایک تحقیق نے واضح کیا کہ حساس چکنی جلد مختلف حیاتیاتی خصوصیات رکھتی ہے جن میں سب سے نمایاں حفاظتی تہہ کی خرابی اور نظر نہ آنے والی مائکروسکوپک سوزش کی بلند شرح ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چکنی جلد کے لیے مخصوص مصنوعات استعمال کرنے کے باوجود اس جلد پر جلن یا سرخی کا سامنا ہوتا ہے۔

جلد کے ماہرین بتاتے ہیں کہ چہرے کو حد سے زیادہ دھونا یا سخت فیس واش کا استعمال جلد کو خشکی کی تلافی کے لیے ایک دفاعی طریقہ کار کے طور پر مزید چکناہٹ پیدا کرنے پر مجبور کردیتا ہے جس سے یہ ایک شیطانی چکر میں پھنس جاتی ہے۔ اس چکر میں سخت صفائی، پھر زیادہ چکناہٹ کا اخراج اور پھر مسلسل خارش یا سوزش شامل ہوتی ہے۔

حفاظتی تہہ کی دیکھ بھال

حالیہ برسوں میں "اسکن بیریئر" یا جلد کی حفاظتی تہہ کا تصور جلد کی دیکھ بھال کی دنیا میں ایک بنیادی محور بن چکا ہے۔ اس سے مراد وہ سطحی تہہ ہے جو جلد کی نمی کو برقرار رکھتی ہے اور اسے بیرونی عوامل سے بچاتی ہے۔ جب یہ تہہ کمزور ہو جاتی ہے تو جلد سوزش، سرخی اور پانی کی کمی کا زیادہ شکار ہو جاتی ہے، چاہے وہ چکنی ہی کیوں نہ ہو۔

2025 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق نے دکھایا ہے کہ نیاسینامائڈ جلد کی سطحی تہہ کی ہائیڈریشن کو بہتر بنانے اور اس کے دفاعی ڈھانچے کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ نیاسینامائڈ چکناہٹ کے اخراج کو منظم کرنے اور اسی وقت سوزش کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے جس کی وجہ سے یہ حساس چکنی جلد کے لیے سب سے زیادہ تجویز کیے جانے والے اجزاء میں سے ایک بن گیا ہے۔

موہسچرائزنگ دشمن نہیں

ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ چکنی جلد کو نمی کی اتنی ہی ضرورت ہوتی ہے جتنی خشک جلد کو ہوتی ہے، فرق صرف استعمال کیے جانے والے فارمولے کی قسم میں ہے۔ ہلکے جیل نما موہسچرائزرز یا پانی پر مبنی فارمولے مساموں کو بند کیے بغیر جلد کا توازن برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہیلورونک ایسڈ اور سیرامائڈز جیسے اجزاء جلد کی حفاظتی تہہ کو سہارا دیتے ہیں اور کھچاؤ اور جلن کے احساس کو کم کرتے ہیں۔ حالیہ مطالعے ظاہر کرتے ہیں کہ جو جلد متوازن نمی حاصل کرتی ہے وہ وقت کے ساتھ ساتھ اضافی چکناہٹ پیدا کرنے کی طرف کم مائل ہو جاتی ہے کیونکہ جلد کو مزید تیل بنا کر خشکی کی تلافی کرنے پر مجبور نہیں ہونا پڑتا۔

مفید اجزاء

حساس چکنی جلد کی دیکھ بھال کے لیے ضروری اجزاء میں نیاسینامائڈ سب سے اوپر آتا ہے۔ یہ چکناہٹ کے اخراج کو منظم کرنے اور ایک ہی وقت میں سرخی کو پرسکون کرنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ چیز اسے سیرم یا ہلکے موہسچرائزر کی شکل میں صبح یا رات کے استعمال کے لیے ایک بہترین انتخاب بناتی ہے۔ جہاں تک سیلیسیلک ایسڈ (Salicylic acid) کا تعلق ہے تو اسے چکنی جلد کے لیے مخصوص فیس واش یا ٹونر کے اندر معتدل مقدار میں استعمال کرنا بہتر ہے۔ یہ مساموں کو صاف کرنے اور ضرورت سے زیادہ جلن پیدا کیے بغیر چکناہٹ کے جمع ہونے کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

سیرامائڈز جدید موہسچرائزنگ کریموں میں ایک بنیادی عنصر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ تحقیقات نے جلد کی حفاظتی تہہ کو مضبوط کرنے اور نمی کے نقصان کو کم کرنے میں ان کے کردار کو ثابت کیا ہے۔ جلد کے ماہرین ان مصنوعات کی بھی سفارش کرتے ہیں جو ہیلورونک ایسڈ سے بھرپور ہوں، خاص طور پر واٹر سیرم یا جیل کریموں کے اندر کیونکہ یہ جلد کو بغیر کسی بھاری یا چِپ چِپے احساس کے ہلکی نمی فراہم کرتا ہے۔

سن سکرین بھی روزمرہ کے روٹین کا ایک علاجاتی حصہ بن چکی ہے۔ اب یہ صرف صرف دھوپ سے بچاؤ کا ایک حفاظتی قدم نہیں رہی۔ ماہرین ان منرل سن سکرینز کو ترجیح دیتے ہیں جن میں زنک یا ٹائٹینیم ڈائی آکسائیڈ شامل ہو کیونکہ یہ حساسیت اور سرخی کا کم سبب بنتی ہیں اور کچھ جدید فارمولے میٹ لک دیتے ہیں جو دن کے وقت چمک کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتی ہے۔

دوسری طرف جلد کے ماہرین روزمرہ کے روٹین کے اندر فعال اجزاء کے اندھا دھند ڈھیر لگانے کے خلاف خبردار کرتے ہیں، کیونکہ ریٹینول، ایکسفولیٹنگ ایسڈز اور وٹامن سی کو زیادہ مقدار میں یکجا کرنا حساس جلد کو پریشان کر سکتا ہے اور دائمی ہلکی سوزش کا باعث بن سکتا ہے جو سرخی یا اچانک دانوں کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے۔

توازن کامل ہونے سے زیادہ اہم

حساس چکنی جلد کی دیکھ بھال اب اس کی سطح پر جمع ہونے والی چکناہٹ کو مکمل طور پر ختم کرنے کے تصور پر مبنی نہیں رہی بلکہ صفائی، تحفظ اور نمی کے درمیان ایک نازک توازن حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔ صحت مند جلد وہ نہیں ہے جو تیل سے بالکل پاک ہو بلکہ وہ ہے جو بغیر کسی مسلسل سوزش یا جلن کے اپنا استحکام برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

جلد کے مطالعے کی پیش رفت کے ساتھ یہ بات واضح نظر آتی ہے کہ ایک ہی وقت میں درجنوں طاقتور مصنوعات استعمال کرنے کے مقابلے میں ایک سادہ اور سوچی سمجھی روٹین کہیں زیادہ مؤثر ہو سکتی ہے کیونکہ جب جلد خود کو محفوظ محسوس کرتی ہے تو وہ آہستہ آہستہ اپنا قدرتی توازن اور پرسکون چمک بحال کرنا شروع کر دیتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں