سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمان الجلاجل نے میدان عرفات میں حجاج کی صحت کے اطیمنان بخش رہنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ مناسک حج کی ادائی کے دوران حجاج کی صحت کے لیے بہترین اور ہر ممکن انتظامات کیے گئے تھے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر صحت نے کہا سخت گرمی کے موسم میں چھتریوں کے استعمال کے بارے میں پھیلائی گئی آگہی مہم سے بہت مفید رہی۔ اس قدر گرمی کے باوجوود حجاج کرام میں ''ہیٹ سٹروک'' کے صرف تین کیس سامنے آئے۔
انہوں نے کہا '' وزارت صحت نے حجاج کی صحت کو کسی مشکل سے دو چار ہونے سے بچانے کے لیے پہلے سے تیاریاں کیں، ایک بھرپور طبی ڈھانچہ ترتیب دیا، بار بار اور مختلف طریقوں سے صحت سے متعلق امور کا جائزہ لینے اور تیاریوں اور سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ اس پس منظر میں جانچ اور نگرانی کے نظام کو بھی فعال رکھا گیا۔ تاکہ حجاج کرام پوری طرح صحت مندی کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں۔