سعودی عرب کی وزارت صحت نے حج 1446ہجری کے آغاز سے اب تک 81 ہزار سے زائد حجاج کرام طبی خدمات فراہم کر چکی ہے۔ یہ خدمات وزارتِ صحت کے زیر نگرانی ایک جامع اور مربوط نظام کے تحت فراہم کی جاتی ہیں۔ ان کا مقصد حجاج کو معیاری صحت کی سہولیات تک بآسانی رسائی فراہم کرنا اور انہیں بہترین طبی خدمات مہیا کرنا ہے۔
اس کے ساتھ فراہمی صحت سہولیات اور کسی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل کی صلاحیت کو مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ حجاج کی صحت کو درپیش امکانی خطرات کو کم کرتے ہوئے ضیوف الرحمان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدامات "صحت کے شعبے کی تبدیلی" اور "اللہ کے مہمانوں کی خدمت" پروگراموں کے اہداف کے عین مطابق ہیں، جو کہ سعودی وژن 2030 کا حصہ ہیں۔ اس وژن کا مقصد حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی طبی دیکھ بھال فراہم کرنا ہے تاکہ وہ حج کے مناسک آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، 48972 حجاج کرام نے صحت کے مراکز کی خدمات سے استفادہ کیا۔ ایمرجنسی وارڈز میں19219مریضوں کو دیکھا گیا، جبکہ آوٹ ڈور مریضوں کی کل تعداد 949 رہی۔ ہسپتالوں میں3515مریض داخل کیے گئے، جن میں سے 1730مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں رکھا گیا۔ اس کے علاوہ 120 کیتھیٹرائزیشن (دل کی شریانوں کی بندش کھولنے) پروسیجر مکمل کئے گئے جبکہ 11 اوپن ہارٹ سرجریز بھی انجام دی گئیں۔
طبی ٹیموں نے گرمی کی شدت سے متاثرہ 25 مریضوں کا فوری طور پر مؤثر اور کامیاب علاج کیا۔ یہ کارروائی فیلڈ ہیلتھ ریسپانس سسٹم کے تحت انجام دی گئی، جسے ماہر طبی عملے اور جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے، تاکہ بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے اور حجاج کرام کی مناسک کی ادائیگی کے دوران ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سعودی وزارت صحت اپنی کوششیں بھرپور مہارت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے، جو پیشگی منصوبہ بندی اور مکمل و اعلیٰ معیار کی صحت خدمات کے نظام پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد حجاج کرام کو جدید اور محفوظ طبی نگہداشت فراہم کرنا ہے، جو اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ حج کے موسم میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل عزم اور وابستگی برقرار رکھی گئی ہے۔