سعودی عرب کے ادارے ہلال احمر نے حج 1446ھ کے لیے اپنی آپریشنل منصوبہ بندی کے تحت 11 فضائی ایمبولینس طیارے متحرک کر دیے ہیں، جو مسجد الحرام اور مشاعر مقدسہ سے شدید طبی حالت کے مریضوں کو منتقل کرنے کے لیے مخصوص ہیں۔ ان طیاروں کی آمد و رفت کے لیے 13 اسٹریٹجک ہیلی پیڈ مختلف مقامات پر احتیاط سے تیار کیے گئے ہیں تاکہ فوری طبی رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس فضائی طبی سروس پر 120 سے زائد ماہر افراد، جن میں تجربہ کار ڈاکٹر اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز شامل ہیں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ان کی خدمات کا مقصد "مثالی مریض سفر" کی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانا اور سعودی ویژن 2030 کے تحت حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی صحت سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ فضائی ایمبولینس سروس مکہ مکرمہ اور تمام مقدس مقامات پر کے لیے ہے، جہاں ہیلی پیڈ اس انداز سے ترتیب دیے گئے ہیں کہ مریضوں کی بروقت منتقلی اور طبی انخلا کی کارروائیاں مؤثر انداز میں انجام دی جا سکیں۔ اس کا مقصد سکیورٹی اور صحت ٹیموں کی فوری رسائی کو ممکن بنانا ہے، خواہ مریض کسی بڑے اجتماع میں ہوں یا کسی ہسپتال کے قریب ہوں۔
فضائی ایمبولینس کے یہ طیارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والی موسمی سکیورٹی و میڈیکل نیٹ ورک کا اہم حصہ ہیں۔ یہ نہ صرف مریضوں اور زخمیوں کو تیزی سے منتقل کرتے ہیں بلکہ مختلف طبی مراکز کے درمیان منتقلی، ماہر طبی ٹیموں کو فوری طور پر حساس یا ہجوم والے مقامات تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ سہولت حج کے دوران ہنگامی خدمات کے نظام کی بنیادی ستون تصور کی جاتی ہے، جو نہ صرف رسپانس ٹائم کو کم کرتی ہے بلکہ قیمتی جانوں کے تحفظ میں بھی مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ اس سے سعودی عرب کی مکمل تیاری اور حجاج کرام کو اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا بھی بھرپور اظہار ہوتا ہے۔