حج کے اختتام کے بعد عمرہ سیزن 1447ھ کے لیے ویزوں کا اجرا شروع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ موسم حج کے اختتام کے ساتھ ہی عمرہ سیزن 1447ھ کے لیے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے ایک نئے سیزن کا آغاز ہو گیا ہے تاکہ وہ عمرہ کی ادائیگی اور المسجد الحرام و مسجد نبوی کی زیارت کر سکیں۔

وزارت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عمرہ نظام کے تمام آپریشنل اور خدماتی شعبے مکمل طور پر تیار ہیں تاکہ عمرہ زائرین کو ان کی آمد سے لے کر واپسی تک بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



یہ تمام اقدامات ایک مربوط نظام کے تحت کیے جا رہے ہیں ،جس کا مقصد ضیوف الرحمن کے تجربے کو بہتر بنانا اور ان کے روحانی سفر کو آسان اور سہل بنانا ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کا باضابطہ استقبال شروع کر دیا

وزارت نے اپنے سرکاری اکاؤنٹس پر ایک خیر مقدمی پیغام بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا: ہم حجاج کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کرتے ہیں اور عمرہ زائرین کا خوش آمدید کے ساتھ استقبال کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی اعلان کیا گیا ہے کہ 14 ذوالحجہ 1447ھ سے عمرہ ویزوں کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے اور نئے سیزن کے لیے عمرہ درخواستوں کی وصولی بھی شروع ہو چکی ہے۔

طواف الوداع
طواف الوداع


وزارت نے عمرہ ادا کرنے کے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام کارروائیاں منظور شدہ سرکاری ذرائع کے ذریعے مکمل کریں اور دستیاب ڈیجیٹل خدمات سے فائدہ اٹھائیں، جو اجازت ناموں کے اجرا، سفر کی تنظیم اور عمرہ سے متعلق دیگر سہولیات کو آسان بناتی ہیں۔

مکمل مربوط ڈیجیٹل نظام

وزارتِ حج و عمرہ حج اور عمرہ سے متعلق اپنی تکنیکی اور لاجسٹک خدمات کو مسلسل جدید بنا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے جدید ڈیجیٹل حل متعارف کرائے جا رہے ہیں ،جو عمرہ زائر کے سفر کو آسان بنانے اور فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

اس سے زائرین کے تجربے میں بہتری آتی ہے اور سفر کے مختلف مراحل میں آپریشنل کارکردگی بھی بڑھتی ہے۔

اسی طرح ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ایپلیکیشنز کو جدید عمرہ نظام کی بنیادی ستون قرار دیا گیا ہے، جو بکنگ، اجازت ناموں کے اجرا اور مناسکِ عمرہ سے متعلق معلومات اور خدمات تک رسائی کو آسان بناتے ہیں۔

حج سیزن کی کامیابی کا تسلسل

عمرہ ویزوں کے اجرا کا اعلان حج 1447ھ کے کامیاب سیزن کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں لاکھوں حجاج کی خدمت کے لیے مکمل اور مربوط آپریشنل، انتظامی اور خدماتی منصوبے نافذ کیے گئے۔

یہ سب سعودی عرب کی حج و عمرہ نظام کو مسلسل بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔سعودی عرب ویژن 2030 کے اہداف کے تحت، عمرہ زائرین اور دیگر زائرین کی تعداد میں اضافہ، فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور حرمین شریفین کے زائرین کے لیے ایک زیادہ آسان، آرام دہ اور محفوظ تجربہ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

سال بھر ضیوفِ الرحمن کی خدمت

حج کے فوراً بعد عمرہ سیزن کا آغاز ان مسلسل انتظامی اور آپریشنل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے، جو متعلقہ ادارے ضیوفِ الرحمن کی خدمت کے لیے سال بھر جاری رکھتے ہیں۔

یہ عمل سعودی عرب کی اس حیثیت کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حج، عمرہ کی ادائیگی اور حرمین شریفین کی زیارت کے لیے اولین اور مرکزی منزل ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size